adakara ki viral video or malik riyaaz

اداکارہ کی وائرل وڈیو اور ملک ریاض؟

تحریر: شمعون عرشمان۔۔

کرنل کی بیوی کے بعد گزشتہ روز اچانک ٹھیکیدار کی بیٹی کا ٹرینڈ چل پڑا۔۔ جس طرح کرنل کی بیوی کی وڈیو وائرل ہوئی تھی اسی طرح یہ وڈیو بھی وائرل ہوئی۔۔ سارا دن سوشل میڈیا پر اداکارہ کے حمایتی اور مخالف آمنے سامنے رہے۔۔چلیں آج اس پر کچھ بات کرلیتے ہیں۔۔

معروف اور صف اول کی اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان کی موبائل کیمرے سے بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس نے ہنگامہ برپا کر کے رکھ دیا ، ویڈیو میں ایک خاتون غصے میں دونوں سے کہہ رہی ہیں کہ ” مجھے بتاﺅ کہ کیا تم میرے شوہر عثمان کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کیے ہوئے ہے “ ، ویڈیو میں خاتون اداکارہ پر اپنے شوہر کے ناجائز تعلقات کا الزام عائد کر رہی ہے ۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کئی لوگوں نے اس لڑکے” عثمان ” کا رشتہ بحریہ ٹائون سے جوڑ کر پراپیگنڈا شروع کردیا اور اب اس پر بحریہ ٹائون کے بانی ملک ریاض حسین کا موقف بھی آگیا جنہوں نے دوٹوک الفاظ میں اس کی تردید کی ہے اور پراپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا بھی عندیہ دیدیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک مقام پر اداکارہ عظمیٰ خان ڈری ہوئی دکھائی دیتی ہیں اور خاتون کو آنٹی کہہ کر مخاطب کرتی ہیں جس پر وہ خاتون مزید غصے میں آ گئی اور کہنے لگی کہ ” میں چالیس سال کی عورت ہوں ، پاگل ہو ، مجھے آنٹی کہہ رہی ہو ، تم سے چھ سال بڑی ہوں ۔“سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے مختلف پہلوﺅں پر غور کیا جارہاہے یعنی ہر کوئی ” شیرلاک ہومز “ بن کر یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہاہے کہ یہ عثمان کون ہے تاہم کچھ ناعاقبت اندیشوں نے عثمان کا نام سن کر اس شخص کا رشتہ بحریہ ٹائون سے جوڑدیا جو کہ بے بنیاد ہے اور پراپیگنڈا شروع کردیا۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے مختلف پہلوﺅں پر غور کیا جارہاہے یعنی ہر کوئی ”شرلاک ہومز “ بن کر یہ پتا لگانے  لگا کہ یہ عثمان کون ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے مزید کوئی تصدیق شدہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔ ویڈیو کے بارے میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ اگر خاتون نے اداکارہ کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے تو پھر اس کا شوہر ” عثمان “ ویڈیو میں دکھائی کیوں نہیں دے رہاہے ۔ویڈیو سامنے آنے اور بحریہ ٹائون انتظامیہ کا نام لیے جانے پر ملک ریاض حسین نے لکھا کہ ” میں، مجھے وائرل ویڈیو کیساتھ جوڑے جانے کا بدبنیتی پر مبنی پراپیگنڈا مسترد کرتا ہوں، عثمان میرا بھتیجا یا بھانجا نہیں ہے ، اس طرح کی مجھے بدنام کرنے کی قبیح حرکت پر میں حیرت زدہ ہوں جس کیساتھ میرا کسی بھی طرح کا کوئی تعلق نہیں۔۔ انہوں نے  مزید لکھا کہ میں یہ بتانا چاہوں گا کہ میں ان لوگوں کیخلاف ہتک عزت کا کیس کروں گا جنہوں نے غلط طریقے سے اس قسم کے مکروہ واقعات کیساتھ مجھے جوڑنے کی کوشش کی

یاد رہے کہ عظمیٰ خان نے پاکستان کی معروف فلم ” وار “ میں شان کے ساتھ ڈیبیو کیا اس کے بعد وہ ” یلغار“،” جوانی پھر نہیں آنی “ کے دونوں پارٹس میں بھی دکھائی دیں اس کے علاوہ انہوں نے فلم ” تیری میری لووسٹوری “ میں بھی کام کیا ۔ اداکارہ عظمیٰ خان نے ٹیلی ویژن پر اینٹری ” آدھی گواہی  ڈرامے سے ماری جبکہ اس کے علاوہ انہوں نے ” میں کیسی عورت ہوں “ ڈرامے میں بھی کام کیا ۔

اداکارہ عظمیٰ خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر موقف جاری کردیا گیا ۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں ان کے گھر میں 12 گارڈز کے ساتھ آنے والی خواتین نے ہراساں کیا۔اپنے بیان میں اداکارہ عظمیٰ خان نے کہا کہ ” مجھے گزشتہ 3 دنوں کے دوران شرمندہ، بلیک میل  اور ہراساں کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرے پاس کھونے کو کچھ بھی نہیں  اس لیے میں نے پاکستان کے سب سے مضبوط لوگوں کے ساتھ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، یا تو مجھے انصاف ملے گا یا مجھے قتل کردیا جائے گا لیکن میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔اداکارہ عظمیٰ خان نے کہا کہ وہ ملک ریاض کی بیٹیوں امبر ملک اور پشمینہ ملک کے خلاف لڑیں گی ، جنہوں نے آدھی رات کو میرے گھر پر 12 گن مینوں کے ساتھ حملہ کیا۔اداکارہ  نے پولیس سے درخواست کی کہ ان کے اور ان کی بہن کے میڈیکل کرائے جائیں اس سے پہلے کہ ان کے زخم بھرنا شروع ہوجائیں۔۔

دوسری طرف  اداکارہ عظمی خان اور ان کی بہن ہماخان کو  تشدد کا نشانہ بنانے والی خاتون منظر عام پر آگئی، اداکارہ پر اپنا گھر تڑوانے کا الزام لگادیا۔

آمنہ عثمان نامی خاتون نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے شوہر عثمان ملک کا ملک ریاض کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ خاتون نے کہا کہ وہ عظمیٰ خان کو متعدد بار وارننگز دے چکی تھیں لیکن وہ پھر بھی باز نہیں آئی۔ عظمیٰ خان نے کہا کہ وہ اعتکاف سے اٹھی ہے، یہ کون سا اعتکاف ہے کہ آپ تین دن میرے شوہر سے لگاتار ملتی رہیں، یہ ساڑھے 10 بجے اعتکاف سے اٹھی  اور ساڑھے 11 بجے شراب اور کوکین کی لائنیں چل رہی  تھیں۔خاتون کے مطابق  انہوں نے عظمیٰ خان کے گھر پر حملہ نہیں کیا بلکہ جس گھر میں وہ موجود تھیں وہ ان کے شوہر کا دوسرا گھر ہے اور انہیں اس گھر میں جانے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے اداکارہ پر کیروسین نہیں چھڑکا بلکہ وہی شراب انڈیلی جو وہ پی رہی تھی۔ ”  جس حالت میں میں نے عظمیٰ خان کو پکڑا ہے ، کوئی عورت میری جگہ ہوتی تو اس سے زیادہ تباہی کرتی، جو ان کی سائڈ لے رہے ہیں ان سے کہتی ہوں کہ آپ گھر تڑوانے والی عورت کے ساتھ کھڑے بھی کیسے ہوسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ دو اور وڈیوز بھی موصول ہوئی ہیں جو اس گھر کی ہیں جہاں یہ واقع پیش آیا۔ ان وڈیو میں واضح نظر آرہا ہے کہ جگہ جگہ بوتلیں ٹوٹی پڑی ہیں جبکہ فرش بھی خون آلود ہے اور پیروں کے نشان واضح ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ماڈلز نے یہ وڈیوز حملہ آور خواتین کے جانے کے بعد بنائی ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ واقع چاند رات کو پیش آیا جب عثمان ملک بھی اسی گھر میں موجود تھا۔

اداکارہ عظمٰی خان نے اپنے اور اپنی بہن  کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر قانونی کارروائی کی درخواست دے دی ہے، عظمٰی خان نے لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں تحریری درخواست جمع کرادی ہے۔اداکارہ نے اپنی درخواست میں بتایا کہ وہ ہاؤس نمبر 445 ایف ڈیفنس فیز 6 کی رہائشی ہے۔ وہ اعتکاف میں تھیں اورعید کا اعلان ہونے کے بعد اعتکاف سے اٹھ کر اپنی بہن کے ہمراہ لاونج میں بیٹھی ہوئی تھی کہ اس اثنا میں تین خواتین اور کئی مسلح افراد دروازہ توڑ کر گھر کے اندر داخل ہوگئے جن میں آمنہ عثمان ملک، ،عنبر ملک اور پشمینہ ملک( ملک ریاض کی بیٹیاں) بھی شامل ہیں۔ ان سب نے مجھے اور میری بہن ہما کو زبردست تشدد کا نشانہ بنایا اور گارڈز سے یہ کہا کہ اندر جا کر ان کے ساتھ زیادتی کرو۔ ہم دونوں کو 10 گن مینوں کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اس کے علاوہ عظمٰی خان نے فیس بک پر اپنی طویل آفیشل اسٹیٹمنٹ میں پولیس کے اعلیٰ حکام سے مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین دنوں میں انہیں کس کس طرح ہراساں ، بلیک میل اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی گئیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے کیونکہ ملزمان نہایت بااثر ہیں لیکن میں اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑوں گی۔

اداکارہ عظمیٰ خان نے اپنے مقدمے کی پیروی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی اور خدیجہ صدیقی کو وکیل مقرر کیا ہے۔دوسری طرف بیرسٹر حسان نیازی نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ وڈیو میں جس عثمان کا ذکر کیا جارہا ہے وہ ملک ریاض کا داماد ملک عثمان ہے جو کراچی میں ان کا بزنس دیکھتا ہے جبکہ وڈیو بنانے والی عثمان کی بیوی ہے۔ بیرسٹر حسان نیازی نے عظمیٰ خان اور ہما خان کو انصاف دلانے کا عزم بھی کیا ہے۔(شمعون عرشمان)

(بلاگر کی تحریرا ور اس کے مندرجات سے عمران جونیئر ڈاٹ کام اور اس کی پالیسی کا متفق ہونا ضروری نہیں۔۔علی عمران جونیئر)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں