ڈراما سیریل ’’سنو چندا‘‘، ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘ اور ’’جھوٹی‘‘ سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کرنے والی ورسٹائل اداکارہ اقرا عزیز کی زندگی سے متعلق چند دلچسپ حقائق ہیں جنہیں شاید بہت کم لوگ جانتے ہیں۔اقرا عزیز نے 2014 میں ڈراما سیریل ’’کسے اپنا کہیں‘‘کے ذریعے ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا۔ اس ڈرامے میں انہوں نے اریج فاطمہ اور دانش تیمور کے ساتھ سپورٹنگ کردار اداکیا تھا اور اس وقت ان کی عمر صرف 17 برس تھی۔اقرا عزیز 24 نومبر 1997 کو ایک سندھی فیملی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے گھر میں ان کی والدہ ، بڑی بہن سدرہ عزیز اور وہ خود ہیں۔ ان کی والدہ نے اپنی دونوں بیٹیوں کی بطور سنگل پیرنٹ پرورش کی ہے۔ اقرا عزیز کی والدہ بااختیار خواتین کی بہترین مثال ہیں انہوں نے نہ صرف اپنے بچوں کی پرورش اکیلے کی، بلکہ وہ کراچی کی پہلی فی میل کریم ڈرائیور بھی ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران اقرا عزیز نے کہا تھا کہ میں یہ نہیں کہتی کہ میری والدہ کی سوچ غلط تھی لیکن ہر ماں کی طرح میری والدہ بھی ایک بیٹا اور بیٹی چاہتی تھیں تاکہ ان کا خاندان مکمل ہوجائے۔چونکہ میری بڑی بہن سدرہ کی پیدائش ہوچکی تھی لہذا جب میں پیدا ہونے والی تھی تو میری والدہ بیٹے کی خواہشمند تھیں لیکن میری پیدائش پر وہ مایوس ہوگئی تھیں اور خوش نہیں تھیں۔ اقرا عزیز نے یہ بھی بتایا کہ میری والدہ مجھے بتاتی ہیں جب میں پیدا ہوئی تو اتنی چھوٹی تھی کہ مرغے کی ٹانگ کے برابر تھی۔ لیکن اب میری والدہ مجھ سے بہت محبت کرتی ہیں یہاں تک کہ میری بڑی بہن سے بھی زیادہ اور ہر معاملے میں مجھے سپورٹ کرتی ہیں۔اقرا عزیز نے تین سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا تھا۔ ان کے والد کام کے سلسلے میں سعودی عرب میں رہتے تھے اور اس وقت پاکستان آئے جب اقرا تین سال کی تھیں۔ لہذا وہ تین سال کی عمر میں پہلی بار اپنے والد سے ملیں۔ بدقسمتی سے جب اقرا 12 برس کی تھیں تو ان کے والد کی ہارٹ اٹیک کی وجہ سے موت ہوگئی۔اقرا عزیز نے اداکاری کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں کامرس ڈیپارٹمنٹ میں داخلہ لیا تھا لیکن وہ اپنا گریجویشن مکمل نہیں کرسکیں۔

