خیبر یونین آف جرنلسٹس نے آج ٹی وی کی جانب سے پشاور بیورو سے تین صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کرنے اور تین ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید، جنرل سیکرٹری ارشاد علی اور دیگر عہدیداران اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیورو چیف فرزانہ علی، اسائنمنٹ ایڈیٹر ملک تنویر اور اسائنمنٹ ایڈیٹر عبدالبصیر قلندر تینوں طویل عرصے سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے رہے ہیں۔خیبر یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ میڈیا اداروں سے صحافیوں کو اچانک ملازمت سے فارغ کرنے کا سلسلہ انتہائی تشویشناک ہے، جس سے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو ملازمت سے محروم کرنا ان کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔کے ایچ یو جے نے آج ٹی وی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تینوں صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے، انہیں فوری طور پر بحال کیا جائے اور ان کے تمام بقایاجات بھی ادا کیے جائیں۔خیبر یونین آف جرنلسٹس نے واضح کیا کہ صحافیوں کے روزگار، معاشی اور پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
95
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل