راولپنڈی میں خاتون نیوز اینکر کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں کیا گیا، جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ٹیسٹ کے دوران ملزم سے وقوعے سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے، جن میں پستول کی الماری میں موجودگی اور گولی چلنے کے واقعے سے متعلق سوالات بھی شامل تھے۔ذرائع کے مطابق ملزم کے جوابات کے دوران دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور دیگر جسمانی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے جوابات اور جسمانی کیفیت کی بنیاد پر رپورٹ کے نتائج چند روز میں مرتب کیے جائیں گے۔ پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ سے ملزم کے بیانات کی صداقت کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
راولپنڈی میں خاتون صحافی ربیعہ احسن کے قتل کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی تفتیش میں واقعے کو حادثاتی طور پر گولی چلنے کا نتیجہ قرار دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاحال غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کے اہلخانہ واقعے کو حادثہ سمجھتے ہیں اور ابتدائی طور پر قتل کا مقدمہ درج کرانے پر بھی رضامند نہیں تھے۔ واقعے کے وقت میاں بیوی الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران الماری میں موجود ایک پستول سامنے آگیا اور اچانک گولی چل گئی۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ربیعہ احسن کو صرف ایک گولی لگی، جو گردن کے نیچے سامنے کی جانب سے جسم میں داخل ہوئی اور کمر سے باہر نکل گئی۔پولیس نے واقعے کے سلسلے میں گھر میں کام کرنے والے 15 سالہ ملازم سے بھی پوچھ گچھ کی، جسے تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے اسے واپس گھر بھیج دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والے پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والے گولی کے خول کو مزید فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھجوایا گیا ہے۔فرانزک رپورٹ سے یہ تصدیق ہوگی کہ آیا برآمد ہونے والا پستول ہی فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہوا تھا یا نہیں۔دوسری جانب پولیس کی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی اور واقعے سے متعلق شواہد کا جائزہ لے گی۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتیجہ فرانزک رپورٹ سمیت دیگر شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیا جائے گا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوع اور پوسٹ مارٹم سے حاصل شدہ سیمپلز کا بھی تجزیہ کرایا جائے گا، جبکہ ملزم احسن کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کے 3 موبائل فونز کا بھی فرانزک کرایا جائے گا، تینوں موبائل فونز پر کوئی پاس ورڈ یا سیکیورٹی کوڈ نہیں تھا۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن اور ان کے شوہر کے درمیان چیٹ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے، ابتدائی موبائل تجزیے میں کسی تنازع یا دشمنی کے شواہد نہیں ملے، موبائل فونز کی فرانزک رپورٹ چالان کا حصہ بنائی جائے گی۔
97