پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر عائد پابندیوں کے خلاف جاری تحریک اب صرف صحافیوں کی نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی تحریک بن چکی ہے۔ پیکا ایکٹ ایک غلط قانون ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ صحافیوں، مزدوروں اور سول سوسائٹی کو متحد ہوکر آزادی اظہار کا مشترکہ اتحاد تشکیل دینا ہوگا۔ پی ایف یو جے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک اسلام آباد سے واپس نہیں آئے گی۔وہ کوئٹہ میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے احتجاجی کیمپ اور دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔ افضل بٹ نے بی یو جے کی قیادت، کوئٹہ پریس کلب کے عہدیداروں اور بلوچستان بھر کے صحافیوں کو مسلسل 27 گھنٹوں تک احتجاجی کیمپ میں موجود رہنے اور شدید سردی کے باوجود رات بھر دھرنا جاری رکھنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے عزم، حوصلے اور آزادی صحافت کے لیے جدوجہد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کرنے والی سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور شہری آزادیوں پر یقین رکھنے والی تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے نے 1950ء میں آزادی اظہار رائے کی جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور آج بھی اسی مقصد کے لیے میدان میں ہے۔ پاکستان کا آئین ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے اور عوام کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ ان کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والی حکومت اور سرکاری ادارے کیا کر رہے ہیں، تاہم سنسرشپ کے ذریعے عوام کو حقائق سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔افضل بٹ کا کہنا تھا کہ جب بھی آزادی صحافت پر قدغن لگائی جاتی ہے تو پی ایف یو جے پریس فریڈم موومنٹ شروع کرتی ہے، لیکن اب معاملہ صرف اخبارات اور ٹی وی چینلز تک محدود نہیں رہا بلکہ موبائل فون استعمال کرنے والا عام شہری بھی آزادی اظہار رائے کی بات کر رہا ہے۔ پاکستان میں اظہار رائے کو اس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے کہ شہریوں کے لیے اپنی رائے کا اظہار بھی مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صحافی جعلی خبروں کے سب سے بڑے مخالف ہیں، تاہم پیکا ایکٹ کے موجودہ قانون کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ جب ہم اس قانون کی متنازع شقوں پر بات کرتے ہیں تو یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ صحافی مادر پدر آزاد صحافت چاہتے ہیں، حالانکہ ہماری جدوجہد قانون کی آڑ میں آزادی اظہار پر پابندیوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ صحافتی تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔
پی ایف یو جے کے صدر نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صحافی کو اٹھایا گیا اور بعد میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، یہ کیسا طریقہ کار ہے؟ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے نے 3 نومبر سے اس طرز عمل اور آزادی صحافت پر پابندیوں کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے۔
انہوں نے صحافیوں کی معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحافی کو اتنی اجرت بھی نہیں دی جاتی جتنی سرکاری سطح پر ایک خاکروب کو ملتی ہے، جبکہ بلوچستان میں 12 نیوز بیوروز کی بندش صحافیوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ صحافیوں کے فون ریکارڈ کیے جاتے ہیں اور پھر ان پر دہشت گردوں سے تعلقات کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ بلوچستان میں صحافیوں پر ایسی پابندیاں کیوں عائد ہیں کہ وہ کسی تاجر کی خبر بھی نشر یا شائع نہیں کر سکتے؟ متعلقہ اداروں کو بتانا ہوگا کہ ان پابندیوں کا مقصد کیا ہے۔
افضل بٹ نے کہا کہ بلوچستان کا صحافی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دنیا کو یہاں کے حالات سے آگاہ کرتا ہے۔ بدقسمتی سے اب تک بلوچستان کے 32 صحافی شہید ہو چکے ہیں، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ خطرات سے دوچار صحافیوں کی انشورنس کی جاتی اور انہیں تحفظ فراہم کیا جاتا، مگر عوام کی آواز بننے والے صحافیوں کی آواز ہی دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جن علاقوں میں حالات خراب ہیں وہاں حکومت کو صحافیوں کی انشورنس اور سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں۔ صحافی اپنی جان خطرے میں ڈال کر عام آدمی کے مسائل اجاگر کرتے ہیں، اس لیے وہ عزت، تحفظ اور تکریم کے حق دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے نے کراچی میں 24 گھنٹے کا دھرنا دیا جس میں تمام ٹریڈ یونینز نے بھرپور ساتھ دیا۔ اب اسی طرز کے احتجاجی دھرنے لاہور اور ملک کے دیگر شہروں میں دیے جائیں گے، جبکہ تحریک کا آخری اور فیصلہ کن مرحلہ اسلام آباد میں ہوگا۔
افضل بٹ نے اعلان کیا کہ پی ایف یو جے ملک بھر میں صحافیوں، فوٹو جرنلسٹس، مزدوروں اور سول سوسائٹی کو یکجا کرکے آزادی اظہار رائے کا قومی اتحاد تشکیل دے گی۔ جب یہ اتحاد اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا تو یہ صرف صحافیوں کی آواز نہیں بلکہ پوری قوم کی آواز ہوگی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک پی ایف یو جے کا چارٹر آف ڈیمانڈ منظور نہیں کیا جاتا، اسلام آباد میں دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔
20