امریکی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی صحافیوں، طلبہ اور محققین کے قیام کی مدت محدود کرنے سے متعلق نئی ویزا پالیسی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا۔ریاست میساچوسٹس کی وفاقی عدالت کے جج ایف ڈینس سیلر نے 16 نومبر کو اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے متعارف کرائے گئے قواعد من مانی، غیر معقول اور قانونی تقاضوں کے منافی ہیں۔نئی پالیسی کے تحت غیر ملکی صحافیوں کے قیام کی مدت عموماً 240 دن تک محدود کرنے کی تجویز تھی، جبکہ طلبہ اور دیگر متعلقہ ویزا رکھنے والوں کے لیے بھی مخصوص مدت مقرر کی گئی تھی۔صحافتی تنظیموں اور تعلیمی اداروں نے ان پابندیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ صحافیوں کے تحفظ کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے آزادیٔ صحافت اور غیر ملکی صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کامیابی قرار دیا۔واضح رہے کہ عدالت نے ستمبر میں بھی ان پابندیوں کے نفاذ کو عارضی طور پر روک دیا تھا، جبکہ اب حتمی فیصلے کے ذریعے متعلقہ قواعد کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
64
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل