کراچی کی مقامی عدالت نے ریاست مخالف مواد کی مبینہ تشہیر کے مقدمے میں معروف ٹی وی اینکر اور عوام راج پارٹی کے سربراہ اقرار الحسن پر فردِ جرم عائد کردی، تاہم اقرار الحسن نے عدالت کے روبرو عائد کردہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ 20 نومبر کو کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اقرار الحسن اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کی گئی۔اقرار الحسن نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے متعلقہ شواہد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے اقرار الحسن کو بھی 9 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت ملتوی کردی۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے اقرار الحسن کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تحقیقاتی ادارے کا الزام ہے کہ اقرار الحسن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے مبینہ طور پر غلط، ہتک آمیز اور ریاست مخالف مواد پھیلایا۔ تاہم یہ الزامات تاحال عدالت میں ثابت نہیں ہوئے ہیں۔سماعت کے دوران اقرار الحسن کے وکلا نے گرفتاری کے وقت تحویل میں لیے گئے موبائل فون کی واپسی کے لیے درخواست بھی دائر کی۔ وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کا موبائل فون تاحال واپس نہیں کیا گیا۔عدالت نے درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، جو پیر 23 نومبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔ سماعت کے دوران موبائل فون کی فرانزک رپورٹ بھی پیر تک موصول ہونے کی توقع ظاہر کی گئی۔ واضح رہے کہ اقرار الحسن کو رواں سال اکتوبر میں لاہور سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں جسمانی اور عدالتی ریمانڈ کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ابتدائی طور پر ان کی درخواستِ ضمانت بھی مسترد کی گئی تھی۔بعدازاں 31 اکتوبر کو عدالت نے اقرار الحسن کی ضمانت منظور کرلی تھی۔ وہ اس وقت ضمانت پر ہیں۔۔
88