کراچی پریس کلب میں خواتین اراکین کے لیے محفلِ میلاد۔۔ 38

کراچی پریس کلب میں خواتین اراکین کے لیے محفلِ میلاد۔۔

کراچی پریس کلب کی خواتین کمیٹی کی جانب سے خواتین اراکین کے لیے محفلِ میلادِ مصطفیﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز نعت خواہوں فہمیدہ سعید، اسلامک اسکالر، عالمہ و نعت خواں سیدہ سعدیہ سعید اور سدرہ سعید نے نعتیہ کلام سے محفل کو عقیدت و محبتِ رسول ﷺ سے معمور کردیا۔محفل کا آغازتلاوت قرآن مجید فرقان حمیدسے ہواجبکہ اس موقع پر عشق و مستی میں وہی اول، وہی آخر، وہی قرآن، وہی فرقان، وہی یٰسین، وہی طٰہٰ کے عقیدت بھرے اشعار نے محفل کی روحانی کیفیت میں مزید اضافہ کردیا۔مقررین نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے خود بلند فرمایا اور سورة الانشراح میں ارشاد ہے: وَرَفَعنَا لکَ ذکرکَ، یعنی ”اور ہم نے آپ کے لیے آپ کا ذکر بلند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ آتے ہی مسلمانوں کے دل محبتِ رسول ﷺ، عقیدت اور رحمت کے جذبات سے سرشار ہوجاتے ہیں۔ حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے محبت، رحمت اور رہنمائی کا ایسا کامل نمونہ ہے جس کے ہر پہلو میں ہمارے لیے عملی سبق موجود ہے۔مقررین نے کہا کہ رسول اکرمﷺ نے عبادت، اخلاق، تجارت، معاشرت، سیاست، عدل و انصاف اور انسانی تعلقات سمیت زندگی کے ہر شعبے میں ایسی روشن مثال قائم کی جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ صدق و امانت کے پیکر تھے اور آپ کی بصیرت و حکمت نے منتشر قبائل کو محبت اور اخوت کے رشتے میں جوڑ دیا۔اسلامک اسکالر سیدہ سعدیہ سعید نے کہا کہ اسلام نے خواتین کی اہمیت، ان کے حقوق اور احترام کو جس انداز میں اجاگر کیا، اس کی مثال انسانی تاریخ میں منفرد ہے۔ اسلام نے عورت کو عزت، تحفظ اور معاشرے میں باوقار مقام عطا کیا۔حاضرین نے نعت خواں خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پرسوز اور دل نشیں آواز نے محفل میں ایسی روحانی کیفیت پیدا کردی کہ شرکاءکے دل محبت و عقیدتِ رسول ﷺ سے مزید منور ہوگئے۔محفل کے اختتام پر سلام پیش کیا گیا اور ملک و قوم، امتِ مسلمہ اور کراچی پریس کلب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے نعت خواں خواتین کو کراچی پریس کلب کی جانب سے شیلڈز پیش کیں اور اجرک پہنائی۔خواتین کمیٹی کی اراکین فہمیدہ یوسفی، مونا صدیقی، کلثوم جہاں، شازیہ ارشد اور بشریٰ خالد نے محفل کے انتظامات اور تیاری میں بھرپور کردار ادا کیا۔ شرکاء نے خواتین کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی روحانی اور علمی محافل محبتِ رسولﷺ کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری تہذیبی و روایتی اقدار سے بھی وابستگی مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں