اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) رئیسہ عادل نے کہا ہےکہ میڈیا ورکرز کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،اشتہاری مد میں میڈیا ہائوسز کے بقایا جات کی ادائیگی کا جائزہ لے رہے ہیں، میڈیا ہائوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر کا نوٹس لیں گے، میڈیا ہیلتھ کارڈز کے منصوبے کو آخری شکل دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز ایمپلائز کنفڈریشن (ایپنک) کے چیئرمین شکیل یامین کانگا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ناصر چشتی، دارا ظفر، وحید شیخ، قلب علی اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے پی آئی او کو میدیا ورکرز کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کروڑوں روپے کے واجبات پی آئی ڈی نے روکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے میڈیا ملازمین تنخواہیں کی تاخیر کا شکار ہیں۔ رئیسہ عادل کا کہنا تھا گزشتہ ستمبر تک تمام اداروں کو واجبات کی ادائیگی ہوچکی ہے ابھی جو بقایا جات ہیں ان کا حساب کتاب لگا کر وہ بھی جلد کلیئر کرا دیں گے۔ میڈیا ہائوسز میں اپائمنٹ لیٹر اور تنخواہیں ادا نہ کرنے والے اخبارات کا جائزہ لیں گے اس کا مربوط لائحہ عمل بنائیں گےتاکہ میڈیا انڈسٹری کے صحافیوں اور ورکرز کولیٹرز جاری ہوں اور بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ہوسکے۔ گزشتہ سال حکومت کی جانب سے میڈیا ورکرز کے ہیلتھ کارڈزکی مد میں جاری شدہ رقم کا پوری طرح استعمال نہ ہونے اور پیدا شدہ پیچیدگیوں کا جائزہ لیا گیا ہے اور انہیں دور کرکے اب ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کے عمل کوشروع کریں گے۔ وفد نے انہیں بتایا کہ آپ سے ملاقات کرنے والاایپنک کا وفد حقیقی نمائندوں پر مشتمل ہے اور ہم اس سلسلے میں جعلی اور نام نہاد ایپنک کی سرکاری دفاتر میں رسائی کی بھرپور مزمت اور امید کرتے ہیں کہ آپ اس سلسلے واضح احکامات جاری کریں گی۔
130
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل