2nd anniversary Ali Imran Junior 408

کچھ اپنی باتیں۔۔

تحریر: علی عمران جونیئر

الحمد للہ، عمران جونیئر ڈاٹ کام نے اپنی کامیابی کے دو سال پورے کرلئے ، ہر گزرتا دن اس ویب کے چاہنے والوں کی تعداد می اضافہ کررہا ہے، اس کے قارئین کی تعداد میں روزبروز اضافے پر ہم اپنے رب کے حضور سربسجود ہیں اور اس کامیابی کو اپنی ٹیم سے منسوب کرتاہوں جنہوں نے ہر طرح کے حالات میں نہ صرف ساتھ دیا بلکہ اپنی اپنی جگہ ڈٹے رہے۔۔

توقعات سے زیادہ کامیابی، سوچ سے زیادہ محبتیں اور آپ سب کی سپورٹ۔۔خامیوں اور کوتائیوں کی نشاندہی کرنے والوں کے شکرگزار۔۔ میڈیا انڈسٹری میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی اپنی نوعیت کی ایسی ویب سائٹ جسے مالکان سے لے کر آفس بوائے تک سب لازمی پڑھتے ہیں۔۔آپ لوگوں کی چاہتوں نے اسے  پاکستان کی ٹاپ ویب سائٹس میں شامل کرادیا۔۔ جب دوہزار سترہ کو آج ہی کے دن اسے لانچ کیاتو ٹریفک اتنی زیادہ تھی کہ اگلے ہی ماہ گوگل ایڈسینس نے اشتہار دینا شروع کردئیے۔۔

ان دو برسوں میں ہمیں کئی طرح کے تجربات کا سامنا رہا، جس میں کچھ تلخ اور کڑوے گھونٹ بھی پینے پڑے اور اکثر کامیابیاں اور آپ سب لوگوں کی دعائیں ہی سمیٹیں۔۔فیس بک کی پوسٹوں سے جو شہرت اور شناخت بنی اسے جب ویب سائٹ کی صورت سامنے لائے تو اندازہ نہیں تھا کہ اتنی مشکلات کا سامنا ہوگا۔۔ ڈیجیٹل میڈیا کے کنگز جو کراچی اور لاہور میں راج کررہے ہیں نجی ملاقاتوں میں یہ برملا اعتراف کرتے ہیں کہ عمران جونئیر ڈاٹ کام اب ایک برانڈ بن چکا ہے۔۔ کبھی برانڈنگ کا سوچا نہ مارکیٹنگ کا، ابھی تو ڈیجیٹل میڈیا کی پہلی کلاس کے طالب علم ہیں ابھی تو روز سیکھنے کے مراحل سے گزر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ابھی تک کمانے کا بالکل نہیں سوچا۔۔

پہلے سال میں کئی سائبر کیسز میرے خلاف بنائے گئے لیکن ہماری لیگل ٹیم نے ایف آئی اے میں کامیابی سے تمام کیسوں کو جھوٹا اور بلیک میلنگ پر مشتمل ثابت کردیا، میڈیا کے دوست یہ بات بھی جانتے ہیں کہ اس ویب سائٹ نے میرا پروفیشنل کیرئر تباہ کردیا، ایک چینل نے پرکشش آفر کی لیکن ساتھ ہی شرط عائد کی کہ ویب بند کردو اور جوائن کرلو، جس پہ انہیں صاف منع کردیا، بڑا بیٹا میڈیا میں ہے چار بڑے چینلز پہ اسے سلیکٹ کرنے کے بعد صرف اس لئے منع کردیاگیا کہ وہ عمران جونئیر کا بیٹا ہے، دسمبر دوہزار سترہ میں یونیورسٹی میں زیرتعلیم بیٹے کو نصف شب کو گھر سے پولیس موبائل کے ذریعے اٹھایا گیا پانچ منٹ کے اندر اندر جھوٹی ایف آئی آر کاٹی گئی  کراچی کی عدالت نے یہ جھوٹا مقدمہ مارچ دوہزار اٹھارہ میں  خارج کردیا،اس دوران جو ذہنی اذیت اٹھانی پڑی وہ الگ داستان ہے، میرے یوٹیوب چینل کو بند کرایاگیا، نیونیوز میں جہاں مری جاب  تھی  مجھے نکلوانے کی ایک درجن سے زائد کوشش کی گئی، بول گروپ نے بیس کروڑ ہرجانے کا نوٹس دیا،بائیس مارچ دوہزار اٹھارہ سے مسلسل کئی روز تک ہیکرز کے ساتھ جنگ چھڑی رہی، وہ لنک ڈاؤن کرتے رہے ہم ویب کو ریکور کراتے رہے، کراچی میں کوئی ہوسٹنگ دینے کو تیار نہیں تھا جس پر چوبیس مارچ کو خود کراچی آنا پڑا، سائبر اٹیک مستقل طور پر جاری رہے ،مرض کی تشخیص ہوگئی کون  تھاپیچھے۔۔فون پہ دھمکیاں تو اب معمول بن چکا، سیکورٹی تھریٹ ایسی ہے کہ لاہور ہویا کراچی اکیلے سفر نہیں کرسکتا تھا۔۔۔

یہ سب صرف سچ بیانیوں کی سزا ہے، مگر ہمت ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، افسوس اس پر ہوتا ہے کہ آپ کرمنلز،سیاسی جماعتوں ، مافیاز کے خلاف لکھیں کچھ نہیں ہوتا لیکن میڈیا کے پول کھولنے پہ اب کچھ بھی بھگتنے کو تیار رہیں ، اس ویب نے قریبی دوست دورکردئیے انہیں خوف ہوتا ہے کہ چینل والوں کو پتہ لگا کہ عمران جونئیر سے رابطہ ہے تو نوکری گئی۔۔بے پناہ مسائل ،مشکلات کا پچھلےدو سال سے سامنا ہے،ابھی تک تو ہم نے آپ کو جوبتایا اک حد میں رہ کر سیلف سنسرشپ کے ساتھ بتایا،سچ تویہ ہےہم نے میڈیا کے گھناؤنے چہرے سے بمشکل بیس فیصد ہی پردہ ہٹایاہے،اسی فیصد ابھی باقی ہے ، کرپٹ،دونمبر،عیاش اور میڈیا کی کالی بھیڑوں کے لئے کوئی معافی نہیں ہوگی۔۔۔

ان دو برسوں میں صرف مشکلات ہی نہیں کئی کامیابیاں بھی سمیٹیں۔۔اب نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ  ملک کے کسی بھی علاقے میں کسی میڈیا ورکر کے ساتھ کوئی زیادتی ہوتی ہے وہ فوری رابطہ کرتا ہے،کئی نامور لکھاری اور سینئر صحافی ہماری ٹیم کا حصہ بنے، میڈیا سیلز ہمیں فالو کرنے لگے، کراچی سے لے کر خیبر تک ہر میڈیا ورکر اس ویب کو اپنی ویب سمجھنے لگا ہے، یہی ہماری کامیابی ہے۔۔۔درجنوں ایسے واقعات ہیں جن پر ہماری ویب کی خبروں کا نوٹس لیا گیا اور فوری ایکشن بھی ہوا۔۔ ہمارا عزم جواں ہے، حوصلے بلند ہیں۔۔ ان تمام کرم فرماؤں کا شکریہ جو ہم سے پیار کرتے ہیں،دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں ، آپ کی وجہ سے ہی ڈٹا ہواہوں ، آپ کی خاموش سپورٹ ہی میرا اثاثہ ہے،

آپ سب کو آپ کی اپنی ویب سائٹ کی دوسری  سالگرہ مبارک ہو۔۔دعا ہے رب کریم مزید استقامت دے،لالچ،ہوس، بلیک میلنگ سے محفوظ رکھے۔۔آمین

آپ سب کا اپنا علی عمران جونئیر

دواپریل 2019

2 Anniversary
2 Anniversary

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں