سینئر صحافی کامران خان ایک بار پھر ٹیلی ویژن اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ اپنے نئے پروگرام کے ساتھ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک پر نظر آئیں گے، جو کہ ڈیجیٹل میڈیا پر توجہ دینے کے بعد ان کی ٹی وی پر واپسی ہوگی۔ان کا نیا پروگرام ‘آن مائی ریڈار’ 6 اپریل سے نشر کیا جائے گا، جو پیر سے جمعہ روزانہ رات 8 بج کر 3 منٹ پر آن ایئر ہوگا۔ اس حوالے سے نیٹ ورک کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پرومو ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔پرومو میں کامران خان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹی وی سے دوری خاموشی نہیں تھی بلکہ ایک نئی سمت کی شروعات تھی۔ انہوں نے اپنی واپسی کو عالمی سیاست، معیشت اور طاقت کے بدلتے ہوئے توازن کے تناظر میں پیش کیا اور کہا کہ ان کا پروگرام بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ہوگا۔انہوں نے ناظرین سے وعدہ کیا کہ پروگرام میں سخت سوالات، آزادانہ تجزیہ اور تحقیقاتی صحافت پیش کی جائے گی، جبکہ کرپشن سمیت اہم خبروں کے پسِ منظر پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ پروگرام کا انداز روایتی خبروں سے ہٹ کر “خبر کے اندر کی خبر” پیش کرنے پر مبنی ہوگا۔پروگرام کی برانڈنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا دونوں کا امتزاج شامل ہوگا۔
