teen roz azadi sahafat muheem ka aelan

پی ایف یو جے کا علاقائی صحافی کنونشن  لاہور میں منعقد ہوگا۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے زیر اہتمام علاقائی صحافی کنونشن کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔لاہور میں منعقد ہونے والا یہ کنونشن ایبٹ آباد، کوئٹہ اور کراچی کے بعد چوتھا کنونشن ہوگا، جو 8 اپریل (بدھ) کو لاہور پریس کلب کے نثار عثمانی ہال میں منعقد کیا جائے گا۔ کنونشن کا موضوع “میڈیا قوانین، ضوابط اور اخلاقیات” رکھا گیا ہے۔پی ایف یو جے کی اعلیٰ قیادت کے علاوہ ملک بھر سے صحافی یونینز (یو جیز) کی بڑی تعداد کنونشن میں شرکت کرے گی۔ میزبان کی حیثیت سے پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، جو لاہور پریس کلب کے صدر بھی ہیں، نے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کنونشن کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ اس موقع پر تقریب کو شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمر الزمان بھٹی اور ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے بھی کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے تفصیلی مشاورت کی۔کنونشن کے انعقاد کی وجہ بیان کرتے ہوئے ارشد انصاری نے کہا کہ پی ایف یو جے صحافیوں کے حقوق، آزادی اظہار اور آزاد میڈیا کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم پیکا (ترمیمی) ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ آزادی اظہار کو دبانے اور میڈیا نمائندوں پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافی اہم معاملات پر حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے پابند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی برادری ایک مشترکہ مقصد یعنی صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے متحد ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں