معروف مارننگ شو اینکر ندایاسر نے فوڈ ڈیلیوری والوں کے خلاف نامناسب گفتگو پر معافی مانگ لی۔ بدھ کے روز اے آر وائی ڈیجیٹل پر اپنے مارننگ شو، گڈمارننگ پاکستان میں ندایاسر کا کہنا تھا کہ ۔۔ وہ اس پروگرام میں اپنی ذاتی زندگی کی باتیں بھی شیئر کر دیتی ہیں اور پھر یہاں سے ہی انھوں نے کچھ روز پہلے اپنے شو کے دوران سرزد ہونے والی ایک ’غلطی‘ کا ذکر کیا اور اس پر معافی مانگی۔خیال رہے ندا یاسر کو ان کی ’غلطی‘ پر گذشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔ندا یاسر نے کہا کہ ’کچھ دن پہلے میں نے اپنے شو میں ایک ذاتی تجربہ شیئر کیا، جو ایک برا تجربہ تھا مگر مجھ سے جو کوتاہی ہوئی، وہ یہ کہ میں نے لفظوں کے چناؤ میں تھوڑی سی گڑبڑ کر دی، جو عام زندگی میں بات کرتے ہوئے ہو جاتی ہے۔انھوں نے مزید وضاحت کی کہ ’میرا شو ریکارڈڈ نہیں بلکہ لائیو ہے۔ میں نے ڈیلیوری رائیڈرز کے حوالے سے اپنا برا تجربہ جب شیئر کیا تو مجھے اس میں یہ لفظ شامل کرنا چاہیے تھا کہ ’کچھ لوگ‘ ایسا کر جاتے ہیں۔ میں نے جو ڈیلیوری رائیڈرز کی پوری کمیونٹی ہے اسے ایسا نہیں کہا۔ مجھے لفظ ’کچھ لوگ‘ اپنے پورے جملے میں شامل کرنا چاہیے تھا کیونکہ پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتی ہیں۔بہت سے ایسے لوگ ہیں بلکہ زیادہ تر ایسے رائیڈرز ہیں جو بہت ایماندار ہیں اور بہت محنت اور مشقت سے اپنی زندگی کے خرچے اٹھا رہے ہیں۔انھوں نے رائیڈر کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میری وجہ سے میرے پیارے رائیڈرز کو تکلیف پہنچی اور اگر وہ اب مجھے دیکھ رہے ہیں تو میں آپ سے سچے دل میں معذرت کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میں پھر کہوں گی کہ میں یہاں کسی کو تکلیف دینے کے لیے نہیں بیٹھی۔چند دن قبل ندا یاسر کا فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے حوالے سے ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز جان بوجھ کر کھلّے پیسے نہیں رکھتے تاکہ انھیں زیادہ ٹپ مل سکے۔اس کلپ کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ندا یاسر کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔صرف سوشل میڈیا صارفین ہی نہیں بلکہ بہت سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے بھی اس حوالے سے بیان سامنے آئے تھے جس میں انھوں نے ندا یاسر سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
