تحریر: ذوالفقار علی ببر، آزاد صحافی۔۔
معزز عمران جونیئر صاحب،السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ۔۔ سب سے پہلے تو میں دل کی گہرائیوں سے آپ کو اور آپ کی پوری ٹیم کو اس شاندار سفر کے نو سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ کی محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی واقعی قابلِ تعریف ہے۔
بطور قاری میں یہ بات پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میڈیا انڈسٹری کی بہت سی اندرونی خبریں ہمیں سب سے پہلے آپ کے پلیٹ فارم کے ذریعے ہی معلوم ہوتی ہیں۔ نہ صرف میرے جیسے افراد بلکہ وہ لوگ بھی جو براہِ راست صحافت سے منسلک نہیں، حتیٰ کہ میڈیا ہاؤسز میں کام کرنے والے ورکرز بھی آپ کے توسط سے اصل صورتحال سے آگاہ ہوتے ہیں ۔ آپ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ آپ نے ہمیشہ ذاتیات سے ہٹ کر ادارہ جاتی مسائل اور ورکرز کے حقوق کو اجاگر کیا، جو ایک ذمہ دار صحافت کی واضح مثال ہے۔
البتہ ایک چھوٹی سی گزارش ہے کہ فیلڈ اسائنمنٹ کے دوران ہونے والے مسائل، اور وہ عناصر جو صحافت کے نام پر گروہ بنا کر راشن، کپڑے، پیسے یا عیدیوں کی صورت میں فائدہ اٹھاتے ہیں—ان معاملات کو بھی اگر مزید اجاگر کیا جائے تو یہ صحافت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ذاتی طور پر میں آپ کا بے حد مشکور ہوں کہ جب بھی میں نے کوئی گزارش کی، آپ نے ہمیشہ مثبت جواب دیا اور کبھی مایوس نہیں کیا ۔اللہ تعالیٰ آپ کو، آپ کی ٹیم اور آپ کے اہلِ خانہ کو صحت، خوشحالی اور مزید کامیابیاں عطا فرمائے ۔ دعا ہے کہ آپ کا یہ آزاد ادارہ اسی طرح ترقی کرتا رہے اور سچ کی آواز بنتا رہے۔۔ والسلام، ذوالفقار علی ببر)۔۔۔
