تحریر: آمنہ شاہد۔۔
عمران جونئیر ڈاٹ کام کی نویں سالگرہ صرف ایک ویب سائٹ کی کامیابی نہیں، بلکہ ایک پورے سفر کی کہانی ہے۔ نو سال پہلے جب یہ پلیٹ فارم شروع ہوا تھا، تو یہ ایک عام سی کوشش لگتی تھی، مگر وقت کے ساتھ اس نے اپنی ایک پہچان بنا لی۔ آج یہ نہ صرف خبروں کی ترسیل کا ذریعہ ہے بلکہ بہت سے نوجوان صحافیوں کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے جہاں وہ اپنی آواز سامنے لا سکتے ہیں۔
میڈیا انڈسٹری میں عمران جونیئر کو ایک الگ نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ کچھ لوگ اس کی تیز رفتار خبروں کو اس کی سب سے بڑی طاقت سمجھتے ہیں، جبکہ کچھ اس کے مواد کی تصدیق اور معیار پر سوال اٹھاتے ہیں۔ لیکن سچ یہ ہے کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں ہر چیز تیزی سے بدل رہی ہے، وہاں اس ویب سائٹ نے خود کو نمایاں رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اگر صحافیوں کی بات کریں تو خاص طور پر نئے لوگوں کے لیے یہ پلیٹ فارم ایک اچھا موقع ثابت ہوا ہے۔ یہاں انہیں وہ جگہ ملی جہاں وہ اپنی صلاحیت دکھا سکتے ہیں، سیکھ سکتے ہیں اور آگے بڑھ سکتے ہیں۔ مگر ساتھ ہی ایک اہم سوال بھی موجود ہے کہ کیا یہاں کام کرنے والوں کو وہ استحکام اور تربیت مل رہی ہے جو ایک پیشہ ور صحافی کے لیے ضروری ہوتی ہے؟
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ عمران جونئیر ڈاٹ کام ایک جاری سفر کا نام ہے۔ اس میں خوبیاں بھی ہیں اور بہتری کی گنجائش بھی۔ اگر آنے والے وقت میں یہ معیار، تحقیق اور صحافتی اصولوں پر مزید توجہ دے، تو یقیناً یہ میڈیا انڈسٹری میں ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد نام بن سکتا ہے۔( آمنہ شاہد)۔۔۔
(پیاری بہن، معیار، تحقیق اور صحافتی اصولوں کی اگر بات کریں تو ہماری پوری کوشش ہوتی ہے ان سب پر پورا اتریں، ہمارا فوکس ٹی وی یا میڈیا اندسٹری ہے، اس سے باہر کبھی جانے کی کوشش نہیں کی۔ معیار کا اندازہ اس بات سے کرلیں کہ میڈیا انڈسٹری میں پڑھے لکھے لوگوں کی نوے پچانوے فیصد تعداد ہے اور یہ سب کی فیوریٹ ہے۔ جن میں بہت زیادہ پڑھے لکھے ہوں یا کم پڑھے لکھے مثال کے طور پر ڈرائیور، سیکورٹی گارڈ، سوئپرز، آفس بوائے وغیرہ۔۔ تحقیق کی بات پر آجائیں۔ ہماری سوفیصد کوشش ہوتی ہے کہ ہماری کوئی خبر باؤنس نہ ہو، یہی وجہ ہے کہ کبھی کبھی ہمارے پاس خبر ایک ہفتے، دو ہفتے تک پڑی رہتی ہے، جب تک تصدیق نہ ہو ہم اسے شائع نہیں کرتے یا کسی خبر پر شک ہو کہ یہ ہمیں ٹریپ کرنے کیلئے دی گئی ہے اسے بھی روک دیتے ہیں۔۔ باقی بہتری کا عمل جاری و ساری ہے جو آئندہ بھی رہے گا۔۔ آپ کے فیڈبیک کا دل سے ممنون ہوں۔۔ علی عمران جونیئر)۔۔۔
