صحافیوں کی ریلوے سفر کی رعایت بحال کی جائے، پی ایف یوجے ورکرز۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صد ڈاکٹر سعدیہ کمال، جنرل سیکریٹری انیس حیدر، سینئر نائب صدر ناصر شیخ، نائب صدر نیئر سرحدی ،فنانس سیکریٹری جاویدملک، ایڈیشنل سیکریٹری عمرفاروق گوندل، جوائنٹ سیکریٹری ایوب برمی، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر عبدالحمید عابد، ایف ای سی ممبر بلال قریشی و دیگر نے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے نے ملک بھر کے صحافیوں جن کے ریلوے کارڈ بناکر دیئے جاتے ہیں ان کی سفری سہولتیں محدود کرکے حکومت اور صحافیوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ، عید کے دنوں میں خود ریلوے حکام کا دعویٰ ہے کہ ایک ارب روپے سے زائد کا محکمے کو فائدہ ہوا لیکن محکمہ ریلوے کی بیوروکریسی نے وفاقی وزیر ریلوے کو غلط معلومات فراہم کرکے اور غلط صورتحال سے آگاہ کرکے صحافیوں کو ریلوے کے کرایوں میں 80فیصد رعایت کو کم کرکے 50فیصد کروادیا اور ریلوے کے کارڈ ہولڈر صحافیوں کی اہلیہ کو 50فیصد ریل کے کرائے میں رعایت تھی اسے یکسر ختم کروادیا گیا ہے جس پر ملک بھر کے صحافیوں میں اشتعال پایا جاتا ہے اور وہ اس عمل کو حکومت کی صحافی دشمنی سے تعبیر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کا کارڈ بناکر سفری سہولیات حاصل کرنے والے صحافی جو معاشی بدحالی کا شکار ہیں ان سے یہ سہولت چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ، وہ ٹرینیں جو نجکاری میں دیدی گئی ہیں قانوناً ان ٹرینوں پر بھی صحافیوں کو رعایت دی جانی چاہئے لیکن محکمہ ریلوے کی بیوروکریسی نجی تحویل میں ٹرینیں لینے والے مالکان سے ملی بھگت کرکے صحافیوں کو ان ٹرینوں میں کرائے کی سہولتوں سے محروم کرچکے ہیں، انہوںنے کہاکہ جس وقت نجکاری کا معاہدہ ہوتا ہے اس میں صحافیوں سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرا دکو جو سرکاری رعایت حاصل ہوتی ہے اس پر نجی تحویل میں ٹرینیں لینے والے مالکان کو بھی عملدرآمد کرنا ہوتا ہے لیکن کئی سال سے جو ٹرینیں نجی تحویل میں دی گئی ہیں ان میں صحافیوں سمیت کسی کو بھی رعایت نہیں دی جارہی ہے اور دو چار سرکاری تحویل میں چلنے والی ٹرینیں جن میں صحافیوں کو رعایت دی جارہی تھی ان سے وہ رعایت بھی چھینی جارہی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں