سینئر صحافی نادر خان پر جھوٹے مقدمے کے خلاف صحافیوں کا احتجاج

کراچی کے صحافی نادر خان کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج کیے جانے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور، کراچی یونین آف جرنلسٹس برنا، ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رانا جاوید، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن، کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس، پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز ، لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرے سے سینئر صحافی مظہر عباس، عامر لطیف، حامد الرحمٰن ، عبد الجبار خان، عابد حسین، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، کراچی یونین آف جرنلسٹس برنا کے جنرل سیکریٹری لیاقت کشمیری، سینئر صحافیوں اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ حکومت صرف ورکنگ جرنلسٹس پر شکنجہ کس رہی ہے اور صحافیوں کے خلاف مسلسل ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ کسی صورت قابل قبول نہیں، کیونکہ حکومت اپنی خواہش کے مطابق خبریں نشر اور شائع کرانا چاہتی ہے، جبکہ اپنے خلاف آنے والی خبروں کو روکنے کے لیے پیکا جیسے کلا قانون کا سہارا لیا جا رہا ہے۔صحافی رہنماؤں نے کہا کہ نادر خان کے خلاف ایف آئی اے نے عجلت میں مقدمہ درج کیا، جو آزادیِ صحافت پر حملہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نادر خان کے خلاف درج مقدمہ واپس لیا جائے اور پیکا ایکٹ کو ختم کیا جائے۔رہنماؤں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد پیکا ایکٹ کے خلاف ملک گیر سطح پر مہم چلائی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایف آئی اے نے نادر خان کے خلاف درج مقدمہ فوری طور پر واپس نہ لیا تو عید کے بعد ایف آئی اے کے دفاتر کے باہر بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔یہ مظاہرہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب صحافی نادر خان کی جانب سے پورٹ قاسم پر ایک جہاز کی آمد سے متعلق خبر شائع کی گئی۔ ایف آئی اے نے خود یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر تحقیقات کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود نادر خان کے خلاف این سی سی ائی میں ایف آئی آر درج کر لی گئی، جس پر صحافتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔صحافتی تنظیموں اور صحافیوں نے اس اقدام کو آزادیِ صحافت، آزادیِ اظہارِ رائے اور صحافیوں پر قدغن لگانے کے مترادف قرار دیا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں