پاکستان میڈیا کونسل ضلع خانیوال کے صدر رانا طاہر پر تشدد کرنے والے ڈسٹرکٹ پریس کلب خانیوال کے سابق صدر، موجودہ صدر، موجودہ سیکرٹری جنرل سمیت دیگر ممبران اور 9 نامعلوم افراد پر تھانہ سٹی خانیوال میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔۔ خانیوال کے تھانہ سٹی خانیوال میں درج ایف آئی آر نمبر دو بٹا اکیس میں درج مدعی رانا طاہر کی جانب سے درج کرائے متن کے مطابق سائل شعبہ صحافت سے تعلق رکھتا ہے، تین اپریل کو شام چھ بجے وہ سہولت بازار خانیوال جارہا تھا،سائل کے پیچھے محمد رضوان اور اللہ یار بھی آرہے تھے کہ سامنے سے ملک ممتازاور عامر نصیر آرہے تھے نے سائل کو اشارے سے روکا اور سائل کا مسئلہ بات چیت سے حل کرانےکا جھانسہ دے کر پریس والی سڑک پر لے گئے اور احمد رضا قادری، عدنان سعید، حماد شاہ، ساجد پرویز سمیت دیگر آٹھ سےنو افراد کو آواز دے کر بلوا لیا اور تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، یہ لوگ مارتے جارہے تھے اور کہتے تھے کہ ہمارے خلاف وڈیوز بنانے کا مزہ چکھاتے ہیں،پھر سائل کو زبردستی اغوا کرکے پریس کلب لے گئے، جہاں مزید تشدد کا نشانہ بنایا۔ملزمان نے جان سے مارنے کی کوشش کی اور زندہ جلانے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ساتھ ہی مطالبہ کرتے رہے کہ وڈیوز ڈیلیٹ کرو ورنہ جان سے مار دیں گے، ملزمان نے سائل کی موٹرسائیکل بھی چوری کرلی، مدعی رانا طاہر کے مطابق ملزمان سے وجہ عناد یہ ہے کہ مدعی نے جعلی کیچپ بنانے والے فیکٹری کی وڈیو بنائی تھی جسے ملزمان بار بار ڈیلیٹ کرنے کا کہتے رہے۔ سٹی پولیس نے تصدیق کی ہے مدعی کا میڈیکل سرٹیفیکٹ اور ایکسرے رپورٹ بھی موصول ہوئی جس کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
