لاہورپریس کلب کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ کتاب میلے کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ادب شناس معروف شخصیت حق نواز گھمن تھے۔ تقریب میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج۔ آرٹ اینڈ کلچر کی سابق ڈائریکٹرجنرل صغریٰ صدف ، ڈاکٹر امجد طفیل ، خواجہ جمشید امام ، سیکرٹری پریس کلب عبدالمجید ساجد ، میلے کے فوکل پرسن اقبال بخاری اور میلے میں سٹال لگانے والے پبلشروں کے نمائندوں سمیت ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے میلے میں سٹال لگانے اور شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ادب اور صحافت کا چولی دامن کاساتھ ہے ، کتاب میلے کے انعقاد کا مقصد لاہورپریس کلب کو ادب کا مرکز بناناہے۔ مہمان خصوصی حق نواز گھمن نے کہاکہ وہی صحافی کامیاب ہیں جو زیادہ پڑھتے ہیں ، لاہورپریس کلب کی تقریبات میں ادیب اور شاعروں کی شرکت اس کی ادبی سرگرمیوں کے معیاری ہونے کا ثبوت ہے۔ خواجہ جمشید اعوان نے کہاکہ ہمیں ایک لاکھ کئی ہزارپیغمبروں کا علم ہے جن پر کتابیں نازل ہوئیں یا جن کا ذکر ان کتابوں میں ہے ، اس سے کتاب کی اہمیت کا پتہ چلتاہے۔ صغریٰ صدف نے کہاکہ پریس کلب ادبی سرگرمیوں کا مرکز ہے جس پر کلب انتظامیہ کی کاوشیں قابل ستائش ہے۔ حلقہ ارباب ذوق کے سابق سیکرٹری ڈاکٹر امجد طفیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کتب بینی کے فروغ میں صحافیوں کا بہت بڑا حصہ ہے ، یہ میلہ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر میلے میں شرکت کرنے والے پبلشرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں کلب کی جانب سے ستائشی سرٹیفکیٹس پیش کئے گئے۔