کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری اور مجلس عاملہ نے آج ٹی وی میں ہونے والی ملک گیر برطرفیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ منگل کو جاری مذمتی بیان میں کے یوجے کا کہنا ہے آج ٹی وی نے آج کراچی سمیت ملک بھر میں بڑی تعداد میں اینکرز ،کیمرہ مینوں، نیوز روم اور لاہور اسلام آباد ، کوئٹہ بیوروز میں کام کرنے والے لوگوں کو بڑی تعداد میں بغیر کسی نوٹس کے غیرقانونی طور پر برطرف کیا ہے۔ کے یوجے کے مطابق غیرقانونی طور پر برطرف ملازمین کو آج ٹی وی نے واجبات بھی ادا نہیں کئے جب کہ آج مارچ کا آخری دن ہے اور فروری کی تنخواہ بھی آج ٹی وی میں کسی ملازم کو اب تک نہیں دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں موجود 8 ڈی ایس این جیز میں سے پانچ کو بند کردیا گیا ہے۔ کے یوجے کا کہنا ہے کہ آج ٹی وی سے غیرقانونی برطرفیوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، تمام ملازمین کو فوری طور پر فروری اور مارچ کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔ بصورتِ دیگر آج ٹی وی کے سامنے احتجاج کا محفوظ رکھتی ہے اور ساتھ ہی برطرف ملازمین کے لئے قانونی جنگ لڑنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔دریں اثنا کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے (آج نیوز) ٹی وی میں صحافی کارکنان کو واجبات کی عدم ادائیگی اور جبری برطرفیوں کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار ،(آج نیوز) ٹی وی میں تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی اور بڑے پیمانے پر ہونے والی برطرفیوں پر کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اینکرز، کیمرہ مینز، رپورٹرز، پروڈیوسرز اور دیگر صحافتی عملے کو تنخواہیں اور واجبات ادا کئے بغیر ملازمتوں کو جبری طور پر فارغ کردیا گیا ہے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن سمجھتی ہے کہ اس طرح اچانک اور وسیع پیمانے پر ملازمین کو ان واجبات ادا کئے بغیر برطرف کرنا نا صرف صحافتی برادری کیلئے سخت تشویش کا باعث ہے ، جبکہ اس وجہ سے بے شمار خاندانوں کا روزگار بھی متاثر ہورہا ہے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن میڈیا مالکان اور متعلقہ (آج نیوز) ٹی وی کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ برطرف کیئے گئے ملازمین کے ساتھ انصاف کیا جائے، ان کے واجبات فوری ادا کیئے جائیں اور ممکنہ حد تک ان برطرف شدہ صحافی کارکنان کی بحالی کیلئے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن اس مشکل وقت میں متاثرہ صحافیوں، اینکرز، کیمرہ مین اور دیگر میڈیا ملازمین کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور آج ٹی وی کی انتظامیہ کو متنبہ کرتی ہے کہ صحافیوں کے واجبات کی فوری ادائیگی ممکن بنائی جائے بصورت دیگر ایسوسی ایشن اپنے متاثرہ ممبران کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے کسی بھی انتہائی و جارحانہ ردعمل اختیار کرنے میں قطعی طور پر گریز نہیں کرے گی۔۔۔
