راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلٹس نے آج نیوز ٹی وی میں حالیہ برطرفیوں کے ایک نئے سلسلے کی شدید مذمت کی ہے، جہاں جمعہ کے روز اسلام آباد سینٹر سے 11 ملازمین کو فارغ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ادارے میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور نیوز روم کی تنظیمِ نو سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق متاثرہ ملازمین میں ڈرائیورز، اسٹوڈیو اسسٹنٹ، این ایل ای، الیکٹریشن اور دیگر عملہ شامل ہے۔۔ اطلاعات ہیں کہ چینل اپنے اخراجات کم کرنے کے لیے اسلام آباد میں نیوز اور کرنٹ افیئرز یونٹس کو ضم کر رہا ہے۔ اندرونی ذرائع کے مطابق ملازمین کو فروری اور مارچ کی تنخواہیں تاحال موصول نہیں ہوئیں، جبکہ بعض افراد جنوری کی ادائیگی کے بھی منتظر ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ برطرف کیے گئے ملازمین کو مالی واجبات کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی، جس سے پہلے ہی غیر یقینی صورتحال کا شکار میڈیا ورکرز میں تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔ ایک واقعے میں بتایا گیا کہ ایک خاتون این ایل ای، جو دفتر میں اپنے اہلِ خانہ کا انتظار کر رہی تھیں، کو فوری طور پر دفتر چھوڑنے کا کہا گیا اور ان کا اسٹاف کارڈ بھی موقع پر ہی واپس لے لیا گیا۔آر آئی یوجے کے صدرطارق عثمانی اور جنرل سیکرٹری رضوان غلزئی نے مشترکہ بیان میں ان اچانک برطرفیوں کو غیر منصفانہ اور میڈیا ورکرز کی معاشی حالت کے لیے شدید نقصان دہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات صحافتی آزادی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی یو جے اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائے گی اور اگر صورتحال برقرار رہی تو احتجاجی تحریک شروع کی جا سکتی ہے۔یونین نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے میڈیا اداروں میں جبری برطرفیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا، اور کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مستقبل کا تحفظ ناگزیر ہے۔
آج ٹی وی میں ایک بار برطرفیاں۔۔
Facebook Comments
