کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے وفد کے آج ٹی وی کے دفتر میں آج ٹی وی کی انتظامیہ سے مذاکرات ہوئے، وفد نے آج نیوز کی انتظامیہ کو ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر اور کارکنوں کی برطرفیوں سے صحافیوں میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش سے آگاہ کیا، کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری، سیکرٹری ریحان خان چشتی ,خازن زین علی اور کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹریز عامر لطیف اور شعیب احمد پر مشتمل وفد سے مذاکرات میں آج ٹی وی کی انتظامیہ نے موقف اپنایا کہ ادارہ کافی عرصے سے مالی مشکلات کا شکار ہے اور ری اسٹرکچرنگ کے مراحل سے گزر رہا ہے، ادارے کی انتظامیہ صحافیوں کے مالی مسائل سے آگاہ ہے ان کے ہرممکن حل کیلئے کوشاں ہے،اس موقع پر آج ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے کے یو جے دستور کے وفد کو گزشتہ دنوں ملازمتوں سے فارغ کئے گئے افراد کو بقایا جات اور ادارے کے ملازمین کو دو ہفتے میں تمام واجبات کی ادائیگیوں کی یقین دہانی کرائی،آج ٹی وی کی انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد کے یو جے دستور کی جانب سے آج ٹی وی کے باہر احتجاج کو موخر کردیا گیا، کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری اور سیکرٹری ریحان خان چشتی نے کہا کہ آج ٹی وی کی انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ملتوی کررہے ہیں، تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
