آج ٹی وی نے منگل کے روز مارچ کے آخری دن اچانک ملک بھر میں اپنے اسٹاف کی بلاجواز برطرفیاں شروع کردیں۔ پپو نے انکشاف کیا ہے کہ برطرف کئے جانے والوں میں خواتین اینکرز، رپورٹرز، پرڈیوسرز، کیمرہ مین، کاپی ایڈیٹر، اسٹوڈیو انچارج، ٹکرز، اسائنمنٹ ڈیسک والے شامل ہیں۔۔ جب کہ ملک بھر کی آٹھ میں سے پانچ ڈی ایس این جی بھی بند کردیں، پشاور اور کوئٹہ بیورو کی اسائنمنٹ گاڑی بھی بند کردی گئی۔۔پی ایف یوجے نے دعویٰ کیا ہے کہ پورے ملک میں آج نیوز سے 70 سے زائد صحافیوں کیمرہ مینز اور دیگر عملے کو بناء واجبات برطرف کیاگیا ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم ،سیکرٹری جنرل شکیل احمد ،سیکرٹری فنانس شہر بانو اور ارکان فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے آج نیوز سے ڈاؤن سائزنگ کے نام پر سٹاف کو فارغ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے حکومت سے اشتہاروں کی مد میں کروڑوں روپے وصول کرنے کے باوجود اسٹاف کو دو دو تین تین ماه کی تنخواہیں نہیں دی گئیں تو دوسری طرف ملازمین کو بے دردی سے نکال باہر کیا گیا، انہیں روکی ہوئی تنخواہیں ادا کی گئیں نہ قوانین پر عملدرآمد کر کے ان کے واجبات ادا کئے بلکہ زبردستی ان سے استعفے لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قریبا 30 افراد کو آج نیوز کراچی سے نکالا گیا جب کہ دیگر اسٹیشنز سے 40 افراد برطرف کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اپنے پسندیدہ ڈائریکٹرز کو لاکھوں روپے کی مراعات دے رہے ہیں اور سٹاف کو ہزاروں روپے کی تنخوابوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ پی ایف یو جے لیڈر شپ نے واضح کیا کہ سرکاری اشتہارات کی بھرمار اور ادائیگیوں کے باوجود میڈیا مالکان کا کارکنوں کو تنخواہیں ادا نہ کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے آج ٹی وی کے مالکان پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر برطرف ملازمین کو بحال اور تنخواہیں ادا کریں بصورت دیگر پی ایف یو جے ان کے دفاتر کے سامنے سخت احتجاج کرے گی اور جلد ہی اس بارے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے پورے ملک میں آج ٹی وی سے 70 سے زائد صحافیوں، کیمرہ مینز اور دیگر عملے کو بناء واجبات دیئے برطرفی کی شدید مذمت کی ہے۔ کے یوجے کے صدر اعجاز احمد، نائب صدور محمدناصرشریف، راہب گاہو، جنرل سیکریٹری لنبی جرار نقوی ، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہ ہاشمی، روبینہ یاسمین ، خازن یاسر محمود و مجلس عاملہ کےاراکین نے اپنے مشترکہ بیان کہا کہ آج ٹی وی نے میڈیا انڈسٹری میں فرعونیت کی تازہ مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے آج ٹی وی کے مالکان پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر برطرف ملازمین کو بحال اور تنخواہیں ادا کریں، بصورت دیگر کے یو جے احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے اور جلد ہی اس بارے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
آج ٹی وی سے 70 سے زائد ملازمین اچانک برطرف۔۔۔
Facebook Comments
