کراچی یونین آفس جرنلسٹس دستور نے آج ٹی وی میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کارکنوں کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ، کے یو جے دستور کے صدر نصر اللہ چودھری اور سیکرٹری ریحان خان چشتی نے اپنے مشترکہ بیان میں میڈیا اداروں میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ، واضح رہے کہ مارچ کا مہینہ ختم ہونے پر تاحال آج ٹی وی میں فروری کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں طرفہ تماشا یہ کہ ڈاون سائزنگ کے نام پر لوگوں کو فارغ بھی کیا جارہا ہے اور انہیں واجبات بھی نہیں دیئے جارہے، کے یو جے دستور کے رہنماوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کی بھرمار اور ادائیگیوں کے باوجود میڈیا مالکان کا کارکنوں کو تنخواہیں ادا نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے ، کے یو جے دستور کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ آج ٹی وی کارکنوں کے دکھوں کا مداوا کرتے ہوئے انہیں تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں میڈیا کارکن کچھ تو سکھ کا سانس لے سکیں، ڈاون سائزنگ کے نام پر برطرفیوں کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر کے یو جے دستور لائحہ عمل کااعلان کریگی۔
