کراچی میں ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل یاسین شر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں قائم مقام صدر ارشاد کھوکھر سیکرٹری اسلم خان اور مجلسِ عاملہ کے اراکین سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران قائم مقام صدر ارشاد کھوکھر اور سیکرٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے ایم ڈی اے کے وفد کو ممبران کو درپیش مسائل اور تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پریس کلب کے ممبران ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اسکیم میں فوری طور پر گھروں کی تعمیر کر کے وہاں رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے یاسین شر، سیکرٹری ایم ڈی اے علی محمد اور ان کی ٹیم نے مجلسِ عاملہ کو یقین دہانی کرائی کہ ممبران کو رہائش اختیار کرنے کے عمل میں ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وفد نے واضح کیا کہ رہائش کے حصول میں کسی قسم کی قانونی رکاوٹ موجود نہیں، تاہم ممبران کی بڑی تعداد نے تاحال اپنے واجبات ادا نہیں کیے، جبکہ 75 سے زائد ممبران نے ابھی تک اپنے درخواست فارم بھی جمع نہیں کرائے۔ڈی جی ایم ڈی اے کا کہنا تھا کہ ممبران کی جانب سے واجبات جمع کرانے کے بعد انہیں پوزیشن لیٹر ایک باقاعدہ تقریب کے ذریعے صوبائی وزیر سے دلوائے جائیں گے۔قائم مقام صدر اور سیکرٹری کراچی پریس کلب کی درخواست پر ایم ڈی اے کی جانب سے ایک فوکل پرسن مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جو ہر پندرہ دن بعد پریس کلب کا دورہ کرے گا اور ممبران کو درپیش رہائشی مسائل کے حل میں معاونت فراہم کرے گا۔مزید برآں آئندہ جمعرات، 30 اپریل کو ایم ڈی اے کے دورے کا شیڈول بھی طے کیا گیا ہے، جس میں متعلقہ ٹیم ممبران کے ہمراہ پیش رفت کا جائزہ لے گی۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 80/20 فارمولہ طے ہونے کے بعد اب بیشتر رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اور عملی اقدامات کا آغاز متوقع ہے۔ملاقات میں جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع، ممبر گورننگ باڈی شیما صدیقی، جاوید مہر، عبدالجبار ناصر اور سابق صدر سعید سربازی بھی موجود تھے۔۔
