گرین وچ یونیورسٹی  کی سینیٹر سرمد علی کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ۔۔

گرین وچ یونیورسٹی نے میڈیا انوویشن اور پبلک لیڈرشپ کے شعبوں میں نمایاں اور مؤثر خدمات کے اعتراف میں سینیٹر سرمد علی کو اعزازی ڈاکٹریٹ (Honoris Causa) کی ڈگری سے نواز دیا۔ یہ اعزاز ایک باوقار تقریب کے دوران دیا گیا، جس میں تعلیمی، سیاسی، صحافتی اور سماجی حلقوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ سینیٹر سرمد علی نے پاکستان میں جدید میڈیا کے فروغ، صحافتی اداروں کی تنظیمِ نو، اور عوامی مفاد سے جڑے بیانیے کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی قیادت میں میڈیا سیکٹر میں جدت، پیشہ ورانہ معیار اور ذمہ دار صحافت کے اصولوں کو فروغ ملا، جو جمہوری معاشرے کے لیے ناگزیر ہیں۔گرین وچ یونیورسٹی کے مطابق سینیٹر سرمد علی نے ڈیجیٹل میڈیا، براڈکاسٹ ریفارمز اور جدید کمیونیکیشن ماڈلز کے ذریعے پاکستانی میڈیا کو بدلتے عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں عملی اقدامات کیے۔ انہوں نے نوجوان صحافیوں کی تربیت، تحقیق پر مبنی صحافت، اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو فروغ دیا، جس سے میڈیا اداروں کی استعداد اور ساکھ میں اضافہ ہوا۔اعزازی ڈاکٹریٹ قبول کرتے ہوئے سینیٹر سرمد علی نے گرین وچ یونیورسٹی کی قیادت، فیکلٹی اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل ذمہ داری کا ایک نیا باب ہے، جو انہیں عوامی خدمت، تعلیم اور میڈیا کے مثبت کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد، باخبر اور بااخلاق میڈیا ہی کسی بھی معاشرے کی ترقی اور جمہوری استحکام کی ضمانت ہوتا ہے۔ دریں اثنا چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے گرین وچ یونیورسٹی کی جانب سے میڈیا انوویشن اور پبلک لیڈرشپ کے شعبے میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے اجراء پر نامور میڈیا رہنما اور سینیٹر سرمد علی کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان کے میڈیا منظرنامے میں سینیٹر سرمد علی کی غیر معمولی خدمات اور ابلاغِ عامہ کے شعبے میں ان کی مؤثر قیادت کا واضح اعتراف ہے،جنگ گروپ اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی قیادت میں سینیٹر سرمد علی کا کردار ملکی میڈیا کے فروغ، استحکام اور ادارہ جاتی مضبوطی میں نہایت اہم رہا ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں