وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس وقت پارٹی کے منشور اور وژن کے تحت روٹی، کپڑا اور مکان کی عام عوام کو فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی وفاق اور صوبے میں اقتدار میں رہی ہے اس نے تمام شعبہ ہائے زندگی بالخصوص صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور ان کی رہائش کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے سینکڑوں ممبران کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور سے اب تک پلاٹس کی فراہمی کی جارہی ہے اور انشاءاللہ باقی مانندہ 700 ممبران کو پلاٹس کی فراہمی کے لئے اقدامات کو مزید تیز کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور حفیظ بلوچ سے ملاقات کے دوران کیا۔ فاضل جمیلی اور حفیظ بلوچ نے ان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ بالخصوص ایل ڈی اے اور ایم ڈی اے میں صحافیوں کو دئیے جانے والے پلاٹس، 20 اور 80 فیصد کے فارمولے پر فوری عمل درآمد اور باقی مانندہ 700 نئے ممبران کو پلاٹس کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر فاضل جمیلی نے کہا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب جب صوبے یا وفاق میں حکومت میں رہی اس نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی پریس کلب کو جو سالانہ گرانٹ سندھ حکومت فراہم کررہی ہے وہ بھی ماضی میں کبھی اتنی نہیں رہی جس سے صحافیوں کے لئے کراچی پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی اور بالخصوص صحافی برادری کی جس کو ہم اس ملک کو اہم ستون قرار دیتے ہیں ان کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا ہے اور آئندہ بھی ہم۔اپنی صحافی برادری کے ساتھ ہراول دستہ کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے جو بھی مسائل ہیں بالخصوص 700 نئے ممبران کو رہائشی پلاٹس مفت فراہم۔کرنے کے حوالے سے جلد ہی سندھ کابینہ سے منظوری کروا کر ان کو فراہم کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں متعلقہ ادارے کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
