لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر لاہور پریس کلب کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی سید بدر سعید، سرمد فرخ خواجہ، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری، اسد محمود اور الفت حسین مغل نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس میں کلب و کالونی معاملات پر بات چیت ہوئی۔ صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ پریس کلب کیلئے گرانٹ کی منظوری آخری مرحلہ میں ہے اور آئندہ چند روز تک رقوم کلب کو مل جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ فیز ٹو کیلئے زمین کی رقم 40 کروڑ روپے وزارت اطلاعات پنجاب سے روڈا کو ٹرانسفر ہو چکی ہے آئندہ چند روز میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بورڈ کا اجلاس ہے جس میں فیز ٹو کے حوالے سے اہم فیصلے ہونگے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ تاحال کئی ممبران ایسے ہیں جن کا مکمل ڈیٹا کلب کے پاس موجود نہیں اس لئے ان سے ممبرشپ ڈیٹا اپ ڈیٹ کرایا جائے جبکہ یہ بھی طے پایا کہ کلب آئین کے مطابق اخبارات و جرائد کے پرنٹر پبلیشر ممبر نہیں ہو سکتے اس بارے ڈی جی پی آر سے مکمل فہرست لیکرممبرشپ لسٹ پر نظر ثانی کی جائے گی۔ لائف ممبرز کے حوالے سے بھی طے پایا کہ ایسے لوگ جو کبھی صحافت سے باقاعدہ وابستہ نہیں رہے انکی لائف ممبر شپ پر بھی نظر ثانی کی جائے۔
