کراچی پولیس نے جعلی صحافی کو گرفتار کرلیا۔۔ کراچی کے ضلع جنوبی کی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈیفنس پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو صحافی ظاہر کرنے والے بدنامِ زمانہ منشیات فروش اور جوا و سٹہ بازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم کا نام وقاص میمن عرف کوڈو ولد عبدالرشید ہے۔۔گرفتار ملزم کے قبضے سے 2650 گرام بھاری مقدار میں چرس اور ایک پرچی برآمد ہوئی۔۔ملزم سے برآمد پرچی پر مختلف افراد کے نام اور ان سے وصول کی جانے والی بھتہ کی رقوم درج تھیں۔۔گرفتار ملزم خود کو صحافی ظاہر کر کے صحافت کے نام پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور لوگوں سے پیسے وصول کرتا تھا۔۔دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ خود کو صحافی ظاہر کر کے منشیات فروشی، جوا اور سٹہ بازی کے ذریعے غیر قانونی آمدن حاصل کرتا تھا، جبکہ جو افراد پیسے ادا نہیں کرتے تھے ان کے خلاف من گھڑت پیغامات اور خبریں چلائی جاتی تھیں۔۔مزید یہ کہ حال ہی میں ایک صحافی کی جانب سے گرفتار ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔ملزم عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
