پیدل چلنے والی لڑکیوں کی مدد کرتی ہوں، ثروت گیلانی۔۔

اداکار ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ پیدل سفر کے دوران پیش آنے والے تجربات نے ان کی زندگی بدل دی اور اسی وجہ سے وہ اب اکیلی پیدل چلنے والی لڑکیوں کی مدد کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ثروت گیلانی نے فوشیا میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایاکہ انہوں نے انڈس ویلی سے آرٹ کی تعلیم حاصل کی، جہاں جانے کے لیے ان کے والد نے وین کا انتظام کیا تھا، لیکن ہفتے کے دن وہ خود وین کے بجائے لوکل بس میں سفر کیا کرتی تھیں تاکہ والد کی جانب سے دیے گئے پیسوں کو بچا کر آرٹ کا سامان خرید سکیں اور کچھ رقم دوستوں کے ساتھ ڈھابہ پارٹی کے لیے محفوظ رکھ سکیں۔اداکارہ نے بتایا کہ ایک دن واپسی کے وقت ان کے پاس بس کے کرایے کے لیے پیسے نہیں تھے، اس لیے انہوں نے اپنی ایک دوست سے کہا کہ وہ انہیں دوسری دوست کے اپارٹمنٹ پر چھوڑ دے، تاکہ وہ وہاں سے پیسے لے کر گھر جا سکیں، لیکن وہ دوست بھی گھر پر نہیں تھی اور گھر کے باقی افراد بھی موجود نہیں تھے۔ثروت گیلانی کے مطابق انہوں نے کافی دیر تک دوست کے واپس آنے کا انتظار کیا، لیکن جب مغرب کا وقت قریب آیا تو انہیں احساس ہوا کہ اگر اندھیرا ہوگیا تو وہ گھر کیسے پہنچیں گی، کیونکہ اس وقت موبائل فونز بھی دستیاب نہیں تھے۔اداکارہ نے بتایا کہ اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ پیدل گھر جائیں گی اور ایک ہاتھ میں بیگ، دوسرے میں کیمرا اور ٹرائی پاڈ پکڑ کر گھر کی طرف نکل پڑیں۔ان کا کہنا تھا کہ آشیانہ سے ڈیفنس ویو کے نزدیک اپنے گھر تک کا راستہ طے کرنے کے دوران ان کے ساتھ کئی واقعات پیش آئے، ایک سائیکل سوار شخص نے انہیں چھیڑا اور گھر چھوڑنے کی پیشکش کی، جسے انہوں نے رد کر دیا، اسی دوران ایک شخص ٹائر ٹھیک کر رہا تھا، اس نے بھی مدد کی پیشکش کی لیکن اداکارہ نے انکار کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ اپنے گھر کے قریب پہنچیں تو اپنی بہن کی گاڑی دیکھ کر تھوڑی پرسکون ہوئیں، لیکن بہن باتوں میں مصروف انہیں دیکھے بغیر آگے نکل گئی، جس پر ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ثروت گیلانی نے مزید کہا کہ یہ واقعہ انہیں آج بھی یاد ہے اور اس کے بعد سے وہ ہمیشہ سفر کے دوران اکیلے پیدل چلنے والی لڑکیوں کی مدد کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں