پی ٹی وی ریاست پاکستان کا ترجمان اور قومی تشخص کا امین ہے، جی ایم کوئٹہ سینٹرپاکستان ٹیلی ویژن نظریاتی سرحدوں کا محافظ اور قومی یکجہتی کا علمبردار ہےپی ٹی وی کوئٹہ سینٹر بلوچستان کی سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کر رہا ہےکوئٹہ ( )جنرل منیجر پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ سینٹر سید فہیم الدین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن صرف ایک نشریاتی ادارہ نہیں بلکہ ریاست پاکستان کا ترجمان اور قومی تشخص کا امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنی طویل تاریخ کے ساتھ ہمیشہ سے ملک کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ، عوامی جذبات کا ترجمان اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے والا پلیٹ فارم رہا ہے۔جنرل منیجر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ریاستی پالیسی، قومی ترقیاتی ایجنڈے اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ہر دور میں سب سے مؤثر اور مستند ذریعہ ابلاغ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نہ صرف حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں کو عوام تک شفاف انداز میں پہنچاتا ہے بلکہ قومی وحدت، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نشریات کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے۔سید فہیم الدین شاہ نے کہا کہ پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر بلوچستان کی سماجی، ثقافتی، علمی اور ادبی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کی ترقی و خوشحالی کی عکاسی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ہمیشہ عوامی اعتماد کا مرکز رہا ہے اور یہ ادارہ مستقبل میں بھی اپنی قومی ذمہ داریاں پوری ثابت قدمی اور قومی عزم کے ساتھ ادا کرتا رہے گا۔
