پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کا مرکزی اجلاس یونین کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال کی صدارت میں ہوا، جس میں یونین کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی اور کچھ رہنماؤں نے زوم کے ذریعے اپنی آراء سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں سال 2025ء میں یونین کی تمام تر تنظیمی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آنے والے سال میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں مزید نئے یونٹس بنائے جائیں گے ، اجلاس سے سیکریٹری انیس حیدر، سینئر نائب صدر ناصر شیخ، نائب صدر نیئر سرحدی، فنانس سیکریٹری جاوید ملک، ڈپٹی جنرل سیکریٹری فاروق گوندل ، سیکریٹری اطلاعات عمران چوہدری، ایف ای سی کے ممبران عبداللہ سروہی، عمران پاٹولی، بلال قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پی ایف یو جے (ورکرز) کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہاکہ 2025ء کا سال صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے انتہائی تکلیف دہ سال گزرا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کی نتیجے میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہوئے ، بڑی تعداد میں اخبارات اور ٹی وی چینلز کے صحافیوں ، رپورٹرز ، کیمرہ مین ، فوٹو گرافرز کو جبری ملازمتوں سے نکالا گیا، ملک بھر میں بیورو آفسز بند کرکے میڈیا ورکرز کو فارغ کیا گیا ، حکومت میڈیا ورکرز، صحافیوں، کیمرہ مین، فوٹو گرافرز کی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام رہی، سندھ سمیت ملک بھر میں صحافیوں کو شہید کرنے کے علاوہ انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا، جھوٹے مقدمات درج کئے گئے، صحافیوں پر عرصہ حیات تنگ کئے جانے کے علاوہ انہیں کئی کئی ماہ کی تنخواہیں اد انہیں کی گئیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی یونینیں صحافیوں کے مجموعی مفاد کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کریں اور صحافیوں کو ملازمت، جانی و مالی تحفظ کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں
پی ایف یوجے ورکرزکا ملک بھرمیں نئے یونٹس کھولنے کا اعلان۔۔
Facebook Comments
