سابق اداکارہ، بیوٹی ایکسپرٹ، سماجی رہنما اور کاروباری خاتون مسرت مصباح نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پہلی شادی کے دوران تشدد برداشت کیا اور جب مسائل بڑھ گئے تو انہوں نے شوہر سے تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔مسرت مصباح نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق پڑھے لکھے اور خود مختار خاندان سے ہے، جہاں کبھی ان کے اور بیٹوں کے درمیان کوئی فرق نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ پانچ بہنیں ہیں لیکن والد نے ان کی آزاد تربیت کی، انہیں تعلیم دلوانے سمیت اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے کی اجازت بھی دی اور سپورٹ بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن والد نے ہی ان کی شادی نو عمری میں کروادی تھی، حالانکہ وہ خود پڑھنا چاہتی تھیں، تاہم والد نے انہیں بتایا کہ ان کے ہونے والے شوہر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد بھی انہیں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دیں گے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ 18 سال کی عمر میں ان کی شادی ہوگئی تھی جو چند سال تک برقرار رہی، شادی کے بعد ان کے گھریلو مسائل بڑھ گئے تھے۔مسرت مصباح کے مطابق ان کی شادی گھریلو رضامندی سے ہوئی تھی لیکن ان کے شوہر نے کچھ ہی عرصے بعد ان پر تشدد کرنا شروع کردیا تھا اور وہ بچوں کے سامنے بھی انہیں مارتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ جب معاملات حد سے بڑھ گئے تو انہوں نے شوہر سے تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور والدین نے بھی ان کا ساتھ دیا، انہیں بھی احساس ہوگیا تھا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ غلط ہو رہا ہے۔سابق اداکارہ کے مطابق طلاق کے بعد وہ بیوٹیشن کا کورس کرنے لندن گئی تھیں اور ایک سال بعد واپس آئیں تو والدین نے انہیں سیلون کھول کر دیا اور کہا کہ اب وہ یہی کام کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ والدین کی مدد کی وجہ سے انہوں نے ایسے زمانے میں اپنا کاروبار شروع کیا جب خواتین ایسے کام نہیں کرتی تھیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ پہلی شادی کا تجربہ ناکام ہونے کے بعد انہیں دوسری شادی کرنے میں خوف رہا۔
پہلی شادی ناکام ہونےکےبعد دوسری شادی نہیں کی، مسرت مصباح۔۔
Facebook Comments
