پنجاب کابینہ نے جرنلسٹ ہاوسنگ سوسائٹی فیز2 کیلئے روڈا سے زمین کی خریداری کیلئے40 کروڑ گرانٹ کی منظوری دیدی۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا،اجلاس میں سینئروزیرمریم اورنگ زیب،وزیر اطلاعات عظمی بخاری و دیگر شریک ہوئے،اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاوسنگ فیز2 کیلئے روڈا سے زمین کی خریداری کیلئے 40 کروڑ کی گرانٹ کی منظوری دی گئی،گرانٹ پنجاب جرنلسٹ ہاوسنگ فاونڈیشن کو منتقل کرنےکی منظوری دی گئی،وزیراعلی مریم نواز سمیت کابینہ نے فوری منظوری دیدی۔ دریں اثنا لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز ، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے پنجاب کا بینہ سے فیز ٹو منصوبے کی منظوری اور زمین کی خریداری کیلئے 40 کروڑ روپے کی گرانٹ فوری جاری کرنے کے حکم پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمی بخاری کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے رقم کے اجرا سے فیز ٹو کی زمین روڈا سے جرنلسٹس فاونڈیشن کو منتقل ہو جائے گی جس کے بعد ترقیاتی کام کا اغاز کر دیا جائے گا۔ صدر ارشد انصاری نے کہا ہے کہ ہم پنجاب حکومت کے مشکور ہیں کہ لاہور پریس کلب کے دیرینہ مطالبے کو منظور کیا گیا ہے ، 2004ء کے بعد اب 3200 صحافیوں کو چھت ملے گی ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے صحافیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دکھایا ہے، وزارت اطلاعات پنجاب اور محکمہ اطلاعات پنجاب نے اس سلسلے میں بہت مثبت کردار ادا کیا ہے جس سے فیز ٹو کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے، یہ پنجاب حکومت کی صحافی دوست ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو گھر دیں گے اس پر حکومت بہترین طریقے سے گامزن ہے، مریم نواز شریف کے اس اقدام کو لاہور پریس کلب اور صحافی برادری سراہتی ہے اور انکا شکریہ ادا کرتی ہے، وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے دن رات صحافیوں کی فلاح کیلئے ہمارے ساتھ ملکر تاریخی اقدمات اٹھائے جن کو سراہتے ہیں۔ صدر ارشد انصاری نے کہا کہ ہم نے انتخابات میں اپنے ممبران سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے اور فیز ٹو کے لئے رقم کے اجرا کی منظوری پر گورننگ باڈی اور تمام ممبران کو مبارکباد دیتا ہوں ، صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ صحافیوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے پر عید کے بعد تشکر کی تقریب منعقد کی جائے گی۔علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری کی جانب سے لاہور پریس کلب کے ممبران کو فیز ٹو کیلئے زمین کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری کا خیر مقدم کرتی ہے۔ پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر اور جنرل سیکرٹری عدنان شیخ کی جانب جاری اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ زمین کی خریداری کیلئے 40 کروڑ روپے کی رقم کا مختص ہونا گھروں کی فراہمی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور انکی ٹیم کو بھی اس عظیم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر مبارکباد پیش کی۔ پریس گیلری کمیٹی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور انکی بازیابی کیلئے وہ اپنے پریس کلب کے دست بازو کی طرح اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔۔
