وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے پنجاب اسمبلی پارلیمانی رپورٹرز پریس گیلری کے نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے صدر خواجہ نصیر، جنرل سیکرٹری سید عباس نقوی، جوائنٹ سیکرٹری سید فرزند علی اور اسسٹنٹ سیکریٹری واصف محمود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی پارلیمانی رپورٹرز پریس گیلری اسمبلی کا لازمی اور فعال جز ہے، جو نہ صرف ایوان کی کارروائی کو شفاف انداز میں عوام تک پہنچاتی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پریس گیلری ایک شاندار ماضی اور پیشہ ورانہ روایات کی امین ہے۔ امید ہے کہ نو منتخب قیادت حکومت، پارلیمان اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید بہتر بنائے گی اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور جذبے اور راست بازی کے ساتھ ادا کرے گی۔
