APNS balaochistan subai committee ka aelan

پرنٹ میڈیا کواگلے ماہ بقایاجات کی ادائیگیوں کی یقین دہانی۔۔

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت اجلاس میں اے پی این ایس نے وفاقی حکومت کی جانب سے اخبارات کے سرکاری نرخوں میں اضافے کے بارے میں وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے میں مسلسل تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نے گزشتہ دورِ حکومت میں سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کے بارے میں نہ صرف واضح اعلان کیا تھا بلکہ اپنے موجودہ دور میں بھی اس فیصلے کو دہرایا۔ لیکن 3سال کی تاخیر کے باوجود ابھی تک اس فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ،اس تاخیر سے اخباری صنعت کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر سینیٹر سرمد علی کی صدارت میں لاہور میں ہونے والے اجلاس میں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر غور کیا اور وفاقی وزارتِ اطلاعات پر زور دیا کہ وہ اپریل 2020؁ء تا جون 2025؁ء کے دوران جاری ہونے والے حکومتی اشتہارات کے بقایاجات کی جلد ازجلد ادائیگی کو ممکن بنائے ۔اجلاس میں پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی ، ڈی جی پی آر فرید احمد اور ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہور ،شفقت عباس نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ اراکین نے ان عہدیداروں کو اخبارات کو درپیش واجبات کی ادائیگی کے مسائل سے آگاہ کیا اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ ڈی جی پی آر کے ذمہ پرنٹ میڈیا کی مد میں تقریباً 220ملین روپے واجب الادا ہیں ۔اراکین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ 730ملین کی رقم جو کہ  ڈی جی پی آر کو موصول ہوچکی اس کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی ہے۔ مزید براں مالی سال 2024؁ء تا 2025؁ء کے اشتہارات کی مد میں اخبارات کو ادائیگیوں کی تقسیم کا عمل تعطل کا شکار ہے ۔ سیکرٹری اطلاعات نے یقین دلایا کہ واجبات کی ادائیگی کا عمل رواں سال دسمبر تک مکمل کردیا جائے گااور صوبائی حکومت کے محکموں سے واجبات کی وصولی کی کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ تک ایک بڑی رقم کی ادائیگی کا عمل مکمل کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ادائیگی کی رقم تصدیقی عمل میں ہے۔ تصدیقی عمل کی کاروائی مکمل ہوتے ہی ادائیگی کردی جائے گی۔اراکین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری اور سیکرٹری اطلاعات کی جانب سے اخبارات کو درپیش IPLٹینڈر کے اجراء پر پابندی کے انتہائی پریشان کن مسئلے کو حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اراکین نے ایڈور ٹائزنگ ایجنسیوں کی جانب سے موصول شدہ عبوری ایکریڈیشن کی درخواستوں کے بارے میں ایڈورٹائزنگ کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دی۔اور متفقہ طور پر مندرجہ ذیل ایجنسیوں کو عبوری ایکریڈیشن دینے کا فیصلہ کیا۔1۔ میسرزایڈریچ ایڈورٹائزنگ اسلام آباد سے ایڈریچ ایڈورٹائزنگ (پرائیوٹ) لمیٹڈ اسلام آباد۔2۔ میسرز گروپ ایم پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی سے میسرزڈبلیو پی پی میڈیا پی کے (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی ۔3۔ میسرزحکونا مٹاٹا لاہور سے میسرز حکونا میڈیا (پرائیوٹ) لمیٹڈ لاہور۔4۔ میسرز جی ایس ایسوسی ایٹس کراچی سے جی ایس ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایٹس(پرائیوٹ) لمیٹڈ لاہور۔5۔ میسرزاعوان برانڈ کمیونیکیشنز کراچی۔6۔ میسرز مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ (پرائیوٹ) لمیٹڈ کراچی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں