پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی کال پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ، لاہور بار ،انسانی حقوق کمیشن پاکستان ،پنجاب اسمبلی پریس گیلری ، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن ، فوٹو جرنلسٹس اور کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائدین نے آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی جنگ صحافیوں کے سنگ لڑنے کا عزم کرتے ہوئے ڈٹ کر کھڑے ہونے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءاور انسانی حقوق کی تنظیمیں صحافیوں کی جدوجہد میں ساتھ کھڑی ہیں۔لاہور ہائی کورٹ بار کے احاطے میں پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، صدر پی یوجے نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی اور ساری صحافی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے موقع مشترکہ پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ بار کے سابق صدر و سینئر قانون دان احسن بھون، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر آصف نسوانہ ، لاہور کے صدر مبشرالرحمان چودھری ،سیکرٹری ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ رحمان ، ایڈووکیٹ اظہر صدیق، ایڈووکیٹ علی چنگیزی نے کہا کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے تحفظ کی لڑائی درحقیقت جمہوری معاشرے کی بقاءکی جنگ ہے جس کے لئے وکلا صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر وکلاءقائدین نے ایف آئی اے سمیت تمام اداروں میں صحافیوں کے مقدمات کا دفاع وکلاءکی تشکیل کردہ قانونی ٹیمیں کریں گی۔ اس موقع پر انسانی حقوق کمیشن کے وائس چیئرمین راجہ اشرف نے کہا کہ صحافی کسی بھی جمہوری معاشرے کی آنکھیں اور کان ہوتے ہیں اور اگر کسی معاشرے سے صحافیوں کا کردار ختم ہوئے تو پھر ایسے معاشرے اور سوسائٹی لولی لنگڑی تصور کی جاتی ہے۔انہوں نے وزیراعلی مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت اور صحافیوں کو لڑانے والے گروہ پر نظر رکھیں اور ان کے جھانسے میں نا آئیں۔ انہوں نے پی یوجے کے صدر نعیم حنیف کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی بھی مذمت کی اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ صحافیوں کی جنگ ایچ آر سی پی اپنے پلیٹ فارم پر لڑنے کے لئے تیار ہے اور صحافی قیادت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنے احتجاج کا اگلا مرحلہ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے دفتر سے کریں ۔ اس موقع پر پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ صحافی اپنے پیشے کے تحفظ کے لئے پر عزم ہیں۔ مقدمات اور جیلیں ہمارے لئے زیور ہیں۔ہم نثار عثمانی اور منہاج برنا کے اصولوں پر کار بند ہیں اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لئے ہر طرح کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے وکلاءاور انسانی حقوق کمیش پاکستان کی قیادت کا پریس کانفرنس میں ساتھ دینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزادی اظہار اور شہری آزادیوں کی لڑائی اس ملک میں سیاستدانوں سے زیادہ وکلاء، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے لڑی ہے۔ اس موقع پر پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ لاہور سمیت پورے پاکستان کی صحافی قیادت اپنے حق کے لئے متحد ہے آج وکلا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ساتھ دینے کا اعلان کرکے ہمارے حوصلے بلند کردئے ہیں جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ صحافی معاشرے کاآئینہ ہیں ہم نے پہلے بھی معاشرتی برائیوں کی نشاندہی کی اور آج بھی جب ہر طرف ہو اور خاموشی کا عالم ہے کہ سچی خبر اور حقائق عوام سے دور کیے جارہے ہیں لاہور اور پاکستان بھر کے صحافی سچ کا علم اور اصل حقائق عوام کے سامنے رکھنے کے عزم کے ساتھ یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائدین مجاہد شیخ ،احمد فراز کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائدین محمد اشفاق ، عابد خان ،حبیب چوہان اور فوٹو جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری و جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب عمران شیخ کا بھی شکریہ ادا کی جنہوں نے کمیونٹی کے کاز کے لئے منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی یوجے کے نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،خزانچی نسیم قریشی ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر ، سیکرٹری عدنان شیخ ،افضل ایوبی ، صلاح الدین بٹ ، پرویز الطاف ،خاور بیگ ،ریاض بھٹی ، رفیق خان ،عطیہ زیدی ،جمال احمد ،رانا عامر ،شیراز نثار ،ندیم شیخ ، سرفراز خان مہمند،، شاکر اعوان ،شاہد رضوی ،یاسر شمعون ، سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وکلا کا صحافیوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہونے کا اعلان۔۔
Facebook Comments
