پچھلے چند برسوں کے دوران ٹیلی ویژن ڈراموں سے ناظرین کے دِلوں پر راج کرنے والے نئی نسل کے فنکاروں کےمابین طلاق کی شرح میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس عمل سے شہرت یافتہ اسٹارز کی مقبولیت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق طلاق کی وجہ سے نامور اداکارہ سجل علی،حمائمہ ملک،آمنہ شیخ،صنم سعید،سائرہ یوسف،نمرہ خان کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ دوسری جانب اداکارفیروز خان،عمران اشرف،مُحسن عباس حیدر،میکال ذوالفقار،شہروز سبزواری،اَحد رضا میر اورمُحب مرزا کو طلاق کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ان میں سے چند ایک نے دوسری شادی کرلی ہے تاہم ان کے بچے ماں باپ کی علیحدگی کی وجہ سے سخت مشکل حالات میں پرورش پا رہے ہیں۔ اداکارہ حمائمہ ملک نے شمعون عباسی سے شادی کی تھی جو ناکام ثابت ہوئی،سائرہ یوسف نے شہروز سبزواری کے ساتھ بیاہ رچایا تھا، ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ تاہم یہ شادی بھی زیادہ دیرنہیں چل سکی اور بات طلاق پر ختم ہوئی، اداکارہ سجل علی نے کم عرصے میں خُوب نام کمایا، ان کی شادی مقبول اداکار اَحد رضا میر سے بیرون ملک انجام پائی تھی اور پھر نہ جانے اس خُوبصورت جوڑی کو کس کی نظر لگی، جیون بھر کا ساتھ نبھانے کی قسم کھانے والے طلاق کے بعد جُدا ہوگئے۔ ’’بھولے‘‘ کے کردار سے کام یابی حاصل کرنے والے فنکار عمران اشرف بھی ازدواجی سفر کو زیادہ آگے نہیں چلا سکے۔ اداکار فیروز خان کو بھی کئی جھگڑوں کے بعد آخر کار بیوی کو طلاق دینا پڑی۔ اداکار اور گلوکار مُحسن عباس حیدر کی طلاق ڈرامائی انداز میں ہوئی۔ ایک پریس کانفرس میں ان کی سابقہ بیوی نے طرح طرح کے الزامات لگائے۔ اداکار میکال ذوالفقار بھی بیوی کو طلاق دینے کے بعد اپنی دو بیٹیوں کی پرورش خود کررہے ہیں۔ سپر اسٹار ماہرہ خان کی پہلی شادی ناکام ہوئی اور انہوں نے دوسری شادی کی ہے۔ مُحب مرزا نے آمنہ شیخ کو طلاق دی، ان دونوں کی ایک بیٹی ہے، جو ماں کے پاس رہتی ہے۔ اج کل شادیوں کا موسم ہے، لیکن شہرت یافتہ فن کاروں نے شادی جیسے اہم رشتے کو مذاق بنا رکھا ہے، جب دِل چاہا شادی کرلی، جب دِماغ خراب ہوا، طلاق دے دی!! دولت اور شہرت کے نشے میں انہیں اپنے جگر کے ٹکڑے بھی دکھائی نہیں دیتے ہیں۔