وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحافیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے سمیت حقوق کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔ میڈیا ہائوسز کے پونے دوارب روپے کے واجبات عید سے قبل ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صحافیوں اور میڈیا ہائوسز کے ورکزر کی تنخواہوں اور بقایا جات کی ادائیگی کو واجبات سے مشروط کیا جائے گا۔ ہیلتھ کارڈ کے اجراء کیلئے کام شرو ع کردیا ہے۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ملک بھر میں عملی کردار ادا کیا جائے گا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور آر آئی یو جے دستور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان سے محبت رکھنے والے ہمیں اپنے زیادہ قریب پائیں گے۔ وفد کی قیادت پی ایف یو جے دستور کے صدر نواز رضا کر رہے تھے۔ وفد میں آر آئی یوجے دستور کے صدر سید قیصر عباس شاہ، جنرل سیکرٹری ضرار فرید، سینئر نائب صدر شیخ ایوب ناصر اور دیگر رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر پی آئی او مبشر حسن اور سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے صحافتی اداروں کی جانب سے کئی کئی ماہ کی تنخواہوں عدم ادائیگی، جبری برطرفیوں، صحافیوں اور ورکرز کی چھانٹی کئے جانے کے سلسلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں میڈیا ہائوسز کے مالکان سے فوری بات چیت کی جائیگی اور انہیں ملازمین کی جبری برطرفیوں، ڈائون سائزنگ کا سلسلہ بند کرنے کا کہا جائے گا۔