theater par fahashi ki ijazat nahi di ja sakti

میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، عظمی بخاری۔۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ’’عالمی یومِ آزادیِٔ صحافت‘‘ کے موقع پر تمام میڈیا ورکرز اور صحافتی برادری کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور یہ دونوں جمہوریت کے استحکام کے لیے ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران موسم کی سختیوں اور نامساعد حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے میڈیا ورکرز ہی درحقیقت صحافت کے اصل ہیروز ہیں، جن کی خدمات کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے۔عظمیٰ بخاری نے موجودہ دور کے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں آزادیِ صحافت اور پروفیشنل جرنلسٹس کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ’’فیک نیوز‘‘ کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ فیک نیوز کی بھرمار نے نہ صرف معاشرے میں ہیجان پیدا کیا بلکہ اصل اور ذمہ دارانہ صحافت کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔  پنجاب حکومت آزادیِ صحافت کے بنیادی اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ایک آزاد و ذمہ دار میڈیا کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ صحافیوں کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد ہی صوبے کے 3200 صحافیوں کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنے جا رہی ہیں، جو کہ صحافتی تاریخ کا ایک بڑا ریلیف پیکج ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے صحافیوں کی بیٹیوں کے لیے میرج گرانٹ اور صحافیوں کے لیے ہیلتھ گرانٹ کی رقم کو بھی فوری طور پر ڈبل کر دیا ہے۔اپنے بیان کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ اور ان کی بہبود پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔ حکومتِ پنجاب ایسے تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جس سے صحافتی برادری کو معاشی اور سماجی تحفظ مل سکے، تاکہ وہ کسی بھی دباؤ کے بغیر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں