مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی،نبیل ظفر۔۔

اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر نبیل ظفر نے مہنگائی اور بڑھتے ہوئے بجلی کے بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے اور بجلی کے زائد بل کسی کو بھی دل کا دورہ دے سکتے ہیں۔نبیل ظفر نے ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام ’سنو تو سہی‘ میں شرکت کی، جہاں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے والدین کی کمی کو اپنی زندگی میں بہت زیادہ محسوس کرتے ہیں، چونکہ والد کا انتقال ان کی نوجوانی میں ہی ہو گیا تھا، اس لیے وہ اپنی والدہ کے بہت زیادہ قریب تھے اور ان کی ہر بات مانتے تھے۔نبیل ظفر نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اب وہ اکثر اپنے چھوٹے بھائی سے کہتے ہیں کہ لگتا ہے ان کے اندر ابا کی روح آ گئی ہے، کیونکہ وہ جب بھی کوئی اضافی لائٹ یا پنکھا کھلا دیکھتے ہیں تو فوراً یہی کہتے ہیں کہ اوہ بھائی، اسے بند کرو، بل بہت آئے گا۔اداکار کے مطابق اب وہ جب بھی گھر میں کوئی فالتو لائٹ کھلی دیکھتے ہیں تو فوراً ان کے منہ سے یہی نکلتا ہے کہ جب کوئی یہاں پر نہیں بیٹھا تو یہ پنکھا کیوں کھلا ہے، بل بہت آئے گا بھائی۔نبیل ظفر نے کہا کہ بجلی کے بل کچھ عرصے سے اس قدر زیادہ آرہے ہیں کہ انہیں دیکھ کر کسی کو بھی دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے زائد بلوں سے پریشان ہو کر انہوں نے گھر میں سولر لگوا لیا ہے اور جب کبھی کراچی میں بادل ہوتے ہیں تو ان کا بس نہیں چلتا کہ وہ سولر اٹھا کر حیدرآباد لے جائیں۔اداکار نے بتایا کہ پچھلے دنوں کراچی میں بہت زیادہ بادل تھے، جس پر وہ دل ہی دل میں بادلوں سے مخاطب ہو کر یہی کہہ رہے تھے کہ بھائی یا تو برس پڑو یا پھر کراچی سے چلے جاؤ، تمہاری وجہ سے گھر کا سولر نہیں چل پا رہا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں