جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے خلاف کیس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا صدیق انجم اور مشیر اینٹی کرپشن مصدق عباسی اور اور یوٹیوبر عمران ریاض خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔رپورٹ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے جج ہمایوں دلاور کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم کے معاملے پر خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر صدیق انجم، مشیر محمد مصدق عباسی اور یوٹیوبر عمران ریاض خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمان جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم میں ملوث ہیں، اس لیے ان کی گرفتاری ضروری ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہے۔عدالت نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے وارنٹ جاری کر دیے اور ہدایت کی گئی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کےعدالت میں پیش کیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے معاملے میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درج مقدمہ کے اخراج کی درخواست مسترد کردی تھی۔
