مسائل کے حل کیلئے تمام یونین کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، پی ایف یوجے ورکرز۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا ہے کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کیلئے تمام یونین کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی اس وقت ملک بھر میں صحافی انتہائی مشکلات کا شکار ہیں ، صحافیوں کو شہید کئے جانے ،جبری برطرفیوں اور جھوٹے مقدمات کا سلسلہ جاری ہے، خود کو جمہوری کہنے والی  حکومتیں میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کیخلاف آئے دن نئے قوانین بنارہی ہے۔ وہ سندھ کے پانچ روزہ دورے کے موقع پر بدین ، گولارچی اور میرپورخاص پریس کلب میں نومنتخب عہدیداروں ، صحافیوں اور میڈیا ورکرز سے گفتگو کررہی تھیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسلام آباد راولپنڈی یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے جنرل سیکریٹری حمید اللہ عابد، بدین یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر مرتضیٰ میمن، جنرل سیکریٹری ناصر جٹ،گل حسن ہنگورجو، اسلم میمن، فیضان اسلم میمن اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بدین پریس کلب کے نومنتخب صدر شوکت میمن ، جنرل سیکریٹری عبدالشکور میمن، نائب صدر عمران عباس خواجہ، خالد عزیز عباسی، عبدالحمید ملاح اور اشرف عبداللہ سمیت دیگر صحافیوں نے ڈاکٹرسعدیہ کمال کا شاندار استقبال کیا اور انہیں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے مزید کہاکہ پی ایف یو جے (ورکرز) ملک کی سطح پر صحافیوں کو منظم کررہی ہے ، ہم گراس روٹ لیول پر صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے سندھ کے مختلف پریس کلبوں کے دورے اور دیگر صحافیوں سے ملاقاتیں کی ہیں تاکہ ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف تو حکومتی سطح پر صحافیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا سلسلہ جاری ہے دوسری جانب خود پریس کلبوں میں پسند اور نا پسند کی بنیاد پر صحافیوں کو ممبر شپ اور انٹری دی جاتی ہے جس کی وجہ سے بہت سے حقیقی صحافی پریس کلب جیسے اداروں کی سہولیات سے محروم ہیں۔ بعد میں گولارچی پریس کلب پہنچنے پر گولارچی پریس کلب کے صدر مہرالدین مری، نائب صدر محمد ہاشم میمن ، جنرل سیکریٹری ممتاز میمن، اعجاز احمد زئی، رضا آکاش خانانی ، سردار بھٹی، صالح نوحانی سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا ، ڈاکٹر سعدیہ کمال نے وہاں موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے صحافی اپنے اتحاد کے ذریعے ہی موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں اس کیلئے صحافیوں، کیمرہ مین، فوٹو گرافرز کو ان لوگوں کا ساتھ دینا چاہئے جو حقیقی معنوں میں صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں نہ کہ ان کے لوگوں کا ساتھ دیں جو صحافیوں کے حقیقی مسائل سے بھی لاعلم ہیں اور ان لوگوں کے ہاتھوں کھلونا بنے ہوئے ہیں جو خود صحافیوں پر مظالم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ایف یو جے (ورکرز) بہت جلد سندھ کی سطح پر ایک بھرپور کنونشن کرے گی اس کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں پنجاب، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں بھی کنونشن کئے جائیں گے۔ میرپورخاص میں ڈاکٹر سعدیہ کمال نے میرپورخاص یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر شاہد جمیل ، جنرل سیکریٹری سلیم شعاعی اور دیگرکے ہمراہ صحافیوں سے ملاقاتیں کیں ، میرپورخاص یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے نومنتخب عہدیداران صدر شاہد جمیل، سینئر نائب صدر شاہد قمبر، نائب صدر اسد اقبال، جنرل سیکریٹری سلیم شعاعی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عمران آرائیں، جوائنٹ سیکریٹری دانیال ، فنانس سیکریٹری منور حسین، انفارمیشن سیکریٹری فیصل خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری ایوب خان یوسف زئی اور آفس سیکریٹری حذیفہ احمد سمیت گورننگ باڈی کے ممبران کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں