متعدد بار مارننگ شوکی میزبانی کیلئے مسترد کیاگیا، فرح حسین۔۔

اداکارہ و ٹی وی میزبان فرح حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے بہتر ازدواجی زندگی گزارنے اور بچوں کی پرورش کی خاطر اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی تھی۔فرح حسین نے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاںان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور اداکارہ کیریئر کا آغاز کیا تھا لیکن جلد ہی انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر شو کرنا شروع کردیا۔ان کے مطابق جس وقت انہوں نے پی ٹی وی پر مارننگ شو شروع کیا، اس وقت اور بعد میں بھی کافی وقت تک نجی چینلز پر مارننگ شوز کا رجحان نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی کم عمری کی وجہ سے انہیں متعدد بار مارننگ شو کی میزبانی کے لیے مسترد کیا گیا لیکن بلآخر انہیں شو کرنے کا شرف حاصل ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا شو مقبول ہوگیا۔فرح حسین کا کہنا تھا کہ وہ سنجیدہ طبیعت کی مالک ہیں اور سنجیدہ شخصیت رکھنے کی وجہ سے وہ خود کو خوش قسمت بھی تصور کرتی ہیں۔ٹی وی میزبان کے مطابق سنجیدہ طبیعت ہونے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ کو دوسروں کے درد کا احساس ہے لیکن جس دن کسی کو کسی کی تکلیف کا احساس ہونا بند ہوگیا، اس دن وہ شخص کسی کام کا نہیں رہتا۔یک طرفہ محبت کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی یک طرفہ محبت نہیں کی، تاہم ان کا خیال ہے کہ ایسی محبت بے وقوفی ہوتی ہے۔پروگرام میں انہوں نے خصوصی طور پر لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ شادی کا فیصلہ اپنے والدین کی رضامندی کے بغیر نہ کریں، وہ والدین پر اپنی شادی کا فیصلہ مسلط نہ کریں۔ٹی وی میزبانی کے مقابلے اداکاری کو وقت نہ دینے کے سوال پر فرح حسین کہا کہ انہوں نے بہتر شادی شدہ زندگی گزارنے اور بچوں کی پرورش کی خاطر اداکاری کو چھوڑا تھا۔ان کے مطابق اداکاری میں بہت وقت دینا پڑتا ہے، پورا پورا دن سیٹ پر گزارا جاتا ہے، اس لیے انہوں نے شادی کے بعد بہتر ازدواجی زندگی اور بچوں کی پرورش کی خاطر اداکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں