ماہرہ سے تمام گلے شکوے ختم ہوچکے، خلیل الرحمن قمر۔۔

ٹی وی ڈراما کے معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور ماضی میں ان سے جتنے بھی گلے شکوے تھے، وہ سب ختم ہوچکے ہیں۔خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ’دی بلو ٹرتھ ڈیجیٹل‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹ بولنے والے لوگ برے لگتے ہیں اور وہ لوگ بھی جو امیر و غریب میں فرق کرتے ہیں، میرے نزدیک اصل غریب وہ ہے جس کے پاس ظرف کم ہو۔اُن کا کہنا تھا  کہ مجھے لکھنے کا شوق نہیں تھا بلکہ میں پیدائشی لکھاری ہوں، میں تیرہ برس کی عمر سے اس فن کے ذریعے کما رہا ہوں اور اسی وجہ سے والد سے کئی بار مار بھی کھائی، کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ میں پڑھ لکھ کر بڑا افسر بنوں۔ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے مشہور ڈائیلاگ ’دو ٹکے کی عورت‘ کی وضاحت کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ لوگوں نے بلاوجہ اس پر تنقید کی، حالانکہ یہ ڈائیلاگ خاص طور پر ایک مخصوص لڑکی کے لیے تھا، سب عورتوں کے لیے نہیں۔ ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ماہرہ نے کہا تھا کہ اگر انہیں مجھ سے کوئی مسئلہ تھا تو انہیں فون کرکے مجھ سے بات کرنی چاہیے تھی، جب میں نے یہ سنا تو مجھے بہت دکھ ہوا، کیونکہ میں اُن کا بہت احترام کرتا تھا اور وہ بھی میرا کرتی تھیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ مجھے فون کر کے ڈانٹ بھی دیتیں تو میں انہیں پیار سے بتاتا کہ میرے الفاظ کے پیچھے اصل مقصد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب مجھے پتا چلا کہ ماہرہ کو اپنی ٹویٹ پر افسوس ہے تو میں نے انہیں میسج کیا کہ میرے تم سے تمام گلے شکوے ختم ہوگئے ہیں۔معروف مصنف کا کہنا تھا کہ ماہرہ میری پسندیدہ اداکارہ تھیں اور ہیں، اسی لیے ان کی بات پر مجھے غصہ آیا تھا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں