لاہور پریس کلب میں حضور خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کے 1500سالہ جشن ولادت باسعادت کے سلسلے میں ”نعت کا سفر“ کے عنوان سے فکری نشست کا انعقاد ہوا۔ ممتاز د ینی سکالر اور مصنف پروفیسر ریاض الحق چودھری نے صدارت کی۔ معروف ادیب ڈاکٹر اشفاق ورک مہمان خصوصی تھے جبکہ اظہر غوری نے کلیدی مضمون بعنوان ”نعت گوئی کی فکری جہات“ پڑھا ۔ سعید اختر نے فکری نشست کی نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔ تقریب کے آغاز پرکلام پاک کی تلاوت کی سعادت سلمان رسول اشرف نے حاصل کی۔ محترمہ عندلیب اسد بھٹی نے رسول اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ اظہر غوری نے کلیدی مضمون میں نعت کے پندرہ سو سالہ سفر کا بھر پور تحقیقی اور تاریخی احاطہ کیا۔ مضمون کے حوالے سے شرکاءنے گفتگو کی اور نعت کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر اشفاق احمد ورک نے کہا کہ اللہ کے نبیﷺ سے عشق کا تقاضا یہ ہے کہ ہمیں دین مبین کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔ پروفیسر ریاض الحق نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ ہمیں رسول اللہ ﷺ کے عشق کے دعوے کرنے کے ساتھ ساتھ آپﷺ کے اسوہ حسنہ کو بھی اپنی زندگیوں پر لاگو کرنا چاہیے۔ آخر میں ایکٹ کمیٹی کے چیئرمین امجد عثمانی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہﷺ کا اسوہ اپنانے میں ہی ہماری نجات کا راز مضمر ہے۔ نشست میں ایکٹ کمیٹی کے شرکاءشہباز انور خان، نوازطاہر ،شفقت حسین اور شہزاد فراموش کے علاوہ فیصل سلہریا، حامد نواز، قمرالزماں بھٹی، سید شاکر علی شاہ، وسیم فاروق، شبیر صادق، ناصر محمود ہاشمی، سینئر صحافی پروفیسر عصمت اللہ، علامہ اسید الرحمٰن سعید ، محترمہ غلام زہرا اور محمد اکرم سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت فرمائی۔
