ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے لاہور پریس کلب کے پروگرام” میٹ دی پریس ” میں شرکت کی جس میں انہوں نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو بھی کی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، ممبران گورننگ باڈی سید سجاد کاظمی، الفت مغل، سید بدر سعید اور کامران خان نے معزز مہمان کا کلب آمد پر استقبال کیا۔ صدر ارشد انصاری کے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ لاہور پاکستان کی سیاست کا مرکز ہے جبکہ یہ شہر صحافت کابھی مرکز ہے ،محمد علی اعجاز قابل افسر ہیں جو صحافیوں کو لاہور کے ترقیاتی منصوبوں بارے گاہے بگاہے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ لاہور پریس کلب پاکستان کا سب سے بڑا اور ذمہ دار پریس کلب، صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں جو معاشرے کی بہتری کیلئے بہت معاون ثابت ہوتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب حکومت کے صوبہ بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں،ماضی میں لاہور کے جن علاقوں کو نظرانداز کیا گیا وہاں خصوصی طور پر ترقیاتی کام کروائے جا رہی ہیں، 137 ارب سے زائد کی لاگت سے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میںسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، گلیوں کی مرمت، سیوریج کی بحالی، ٹریفک کی روانی سمیت میڈیکل سٹی جیسے بڑے پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز2 میں 14 ہزار سے زائد کچی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار گلیاں بنیں گی اور 2 سال بعد جب یہ میگا منصوبے مکمل ہوں گے تو شہر بہت بہتر حالت میں ہوگا ، انہوں نے بتایا کہ پیرا فورس اور پولیس مل کر لاک ڈاﺅن پر عمل درآمد کروا رہے ہیں، لاہور میں لاکھوں کی تعداد میں آوارہ کتے ہیں جنہیں پکڑنے کیلئے ٹیمیں کام کر رہی ہیں جلد اس حوالے سے شہر میں بہتری نظر آئے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ ریونیو کے معاملات پر ہماری کورٹس روزانہ کی بنیاد پرکیسز حل کر رہی ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر صدر ارشد انصاری اور جنرل سیکرٹری افضال طالب نے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپتن (ر) محمد علی اعجاز کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔
