فیصل آباد میں صحافی کالونی اسکروٹنی کے بعد دینے کا اعلان۔۔

 پنجاب کی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن رواں سال ہوں گے ۔ حکومت لوکل گورنمنٹ بل پاس کر رہی ہے ۔ بل منظور ہوتے ہی الیکشن کمیشن کو بھیج کر درخواست کریں گے کہ الیکشن کا جلد انعقاد کروایا جائے ۔ اوورسیز پاکستان سے باہر بیٹھ کر ہمیں گالیاں دیتے ہیں لیکن جب کوئی چیز لینی ہوتی ہے تو وہ سب سے پہلے حقدار بن جاتے ہیں ۔ چناب کلب فیصل آباد میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں ڈنر کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی کا جلد انعقاد چاہتی ہے جس کے لئے قانون اسمبلی سے پاس کروایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی وی چینلز اور اخبارات کے مالکان سے کہا ہے کہ اپنے ملازمین کو ریگولر بنیاد پر تنخواہیں ادا کریں ۔ باقاعدگی سے تنخواہیں دینے والے میڈیا اداروں کو پنجاب حکومت اشتہارات جاری کرتی رہے گی ۔ ہر ادارہ تین ماہ اس امر کا سرٹیفکیٹ جمع کروانے کا پابند ہو گا کہ اس نے ان مہینوں کی تنخواہیں ادا کر دی ہیں ۔ اگر تنخواہیں نہیں دی ہوں گی اور سرٹیفکیٹ جمع نہ کروایا گیا تو اس ادارے کے اشتہارات روک لئے جائیں گے ۔ میں تمام ٹی وی چینلز اور اخبارات کے مالکان کو لیٹر لکھ رہی ہوں جس میں تجویز دی ہے کہ اپنے ملازمین کو کم از کم چالیس ہزار روپے اجرت کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت فیصل آباد میں صحافی کالونی دینے کو تیار ہے لیکن سینئرصحافیوں پر مشتمل خصوصی کمیٹی صحافیوں کی فہرست کی نئے سرے سے سکروٹنی کرے گی ۔ میں نہیں چاہتی کہ کسی غلط بندے کو پلاٹ ملے اور جینوئن صحافی کا حق مارا جائے ۔ میرٹ پر عمل کرتے ہوئے میں نے اپنے سٹاف کو صحافی کالونی میں پلاٹ نہیں دلائے ۔ اگر میں میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام کروں گی تو دوسرے بھی غلط کام کریں گے اور بیٹوں ، بھتیجوں ، دوستوں کے نام لسٹ میں شامل کریں گے ۔ اگر ایسے پروگرامز میں غلط کام ہو تو سب سے پہلے انہی میں کیسز بنتے ہیں اور میں نہیں چاہتی کہ مجھ پر مقدمات بنیں ۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس کو صحافی کالونی میں شامل نہیں کیا جا رہا ۔ اس موقع پر ایک خاتون صحافی کی طرف سے تعریفی کلمات پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا آپ کا پلاٹ تو پکا ہے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں