فی الحال ٹی وی میزبانی نہیں کرسکتی، صنم جنگ۔۔

اداکارہ و ٹی وی میزبان صنم جنگ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ٹی وی چینل پر ملازمت کے دوران کمیٹی کے نام پر ان سے دھوکا ہوا، انہیں آج تک پیسے نہیں ملے جب کہ ان سے مسلسل دو سال تک پیسے لیے جاتے رہے۔صنم جنگ نے ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے مکمل طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی، تاہم وہ فی الحال ٹی وی شوز کی میزبانی نہیں کر سکتیں۔ان کے مطابق وہ امریکا میں رہنے کے باوجود اشتہارات سمیت دیگر منصوبوں میں کام کرتی رہتی ہیں اور یہ کہ ان کی بیٹی ایک سال کی ہے، اس لیے وہ انہیں تنہا چھوڑ نہیں سکتیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر ان کے شوہر ان کی خاطر ملازمت چھوڑ کر پاکستان آجاتے تو ان کے لیے ملازمت کے مواقع کم تھے جب کہ ان کے وہاں جانے سے ان پر زیادہ فرق نہیں پڑا، وہ وہاں رہنے کے باوجود کام کر رہی ہیں۔صنم جنگ نے بتایا کہ یونیورسٹی میں پڑھنے کے دوران وہ جھوٹ بول کر اپنی حاضری یقینی بنواتی تھیں اور فیل ہونے سے بچ جاتی تھیں۔ان کے مطابق وہ اساتذہ کو کہتی تھیں کہ وہ گھر کو چلانے والی واحد کمانے والی لڑکی ہیں، اس لیے وہ یونیورسٹی کے کلاس اٹینڈ نہیں کرپاتیں جب کہ وہ بیک وقت متعدد مضامین کا انتخاب کرکے امتحانات دیتی رہیں اور انہوں نے اپنی ڈگری مکمل کی۔ٹی وی میزبان نے اعتراف کیا کہ مارننگ شوز کرتے وقت ان سے متعدد غلطیاں ہوئیں اور وہ اپنی غلطیوں پر معافی بھی مانگ لیتی تھیں، کیونکہ براہ راست شو میں ہوجانے والی غلطی ٹھیک نہیں ہوسکتی تھی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک ٹی وی چینل پر ملازمت کے دوران کمیٹی کے نام پر ان سے دھوکا ہوا، ان سے مسلسل پیسے لیے جاتے رہے لیکن انہیں کمیٹی نہیں دی گئی۔صنم جنگ نے بتایا کہ ان کا کمیٹی ڈالنے کا ارادہ نہیں تھا لیکن ایک شخص نے ان سے زبردستی کمیٹی ڈلوائی اور جس مہینے انہیں کمیٹی دینے کا کہا گیا تھا، اس مہینے انہیں کمیٹی نہ دی گئی۔ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ اسی طرح مسلسل انہیں آسرے دیے جاتے رہے اور ان سے باقاعدہ طور پر ہر ماہ پیسے بھی وصول کیے جاتے رہے لیکن انہیں کمیٹی نہ ملی۔ان کے مطابق بعد میں انہوں نے معلوم کروایا تو انہیں بتایا گیا کہ بہت سارے لوگ ٹی وی چینل چھوڑ گئے اور کمیٹی کا سربراہ پھنس گیا تھا، اس لیے آپ کے ساتھ دھوکا ہوا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں