طیب بلوچ پر تشدد کے خلاف آج احتجاج کا اعلان۔۔

‎پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کی طرف سے سینئیر صحافی طیب   بلوچ پر حملے کےخلاف احتجاج کی کال دے دی۔ ‎گزشتہ روز ہنگامی اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق آر آئی یو جے اور نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام 9 ستمبر بروز منگل شام چار بجے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔۔ اگر پی ٹی آئی قیادت کے اس واقعہ پر معذرت نہ کی تو بدھ کے روز  10 ستمبر کو راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔‎اجلاس کے فیصلے کے مطابق اگر ان دونوں مظاہروں کے باوجود پی ٹی آئی نے معذرت نہ کی تو پھر اڈیالہ جیل کے سامنے اور ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی۔ واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان کی پریس کانفرنس کے دوران سوال کرنے پر سینئیر صحافی طیب بلوچ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب دیگر سینئیر صحافیوں  فیصل حکیم اور اعجاز احمد نے ساتھی رپورٹر کو بچانے کی کوشش کی تو انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر آئی یو جے کے صدر طارق ورک نے جڑواں شہروں کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اگر ہم نے صحافیوں پر پی ٹی آئی  کے حملے خلاف بھرپور ردعمل نہ دیا تو پھر سوال کرنے پر تشدد کے رحجان کو روکنا ناممکن ہو گا۔  نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی و سیکرٹری نیّر علی نے طیب بلوچ پر حملے کو آزادئ صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوے تمام صحافیوں سے مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں